ملک بھر سمیت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں69 یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا

جمعہ 14 اگست 2015 11:43

ملک بھر سمیت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں69 یوم آزادی جوش و جذبے سے ..

لاہور / پشاور/ اسلام آباد/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء ) ملک بھر سمیت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں69 یوم آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، رات 12 بجتے ہی کراچی، لاہور، اسلام آباد اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، نماز فجر میں ملکی سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ،وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی ، فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی، مزار اقبال پر پاک فوج اور مزار قائد پر پاک بحریہ نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے،سرکاری و نجی عمارتوں، شاہراہوں اور اہم مقامات کو برقی قمقموں، قومی جھنڈوں، قومی رہنماؤں کی تصاویر، بینروں اور جھنڈیوں سے سجا یا گیا۔

جمعہ کو 69 واں جشن آزادی جوش وخروش سے منایاگیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز اکتیس جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا ، اس سے قبل نماز فجر میں ملکی سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔یوم آزادی کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعاوٴں سے ہوا۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں برکی روڈ پر ڈیفنس فیز سیون میں تقریب ہوئی ، پاک فوج کے چاک و چوبند دستوں نے اکیس توپوں کی سلامی دی۔

فوجی جوانوں کے اللہ اکبر کے نعروں سے فضا گونج اٹھی ۔پشاور کینٹ میں جشن آزادی کی منعقدہ تقریب کی شروعات اکیس توپوں کی سلامی سے ہوئی ، تقریب میں شہدائے آزادی کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔کوئٹہ میں بھی پاک فوج کے جوانوں نے 69ویں یوم آزادی کا سورج طلوع ہونے پر اکیس توپوں کی سلامی دی ، جشن آزادی کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل رہی۔

ملک بھر میں یوم آزاد کے حوالے سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔

جشن آزادی کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے کنوینشن سنٹر میں ہو ئی جس میں صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ارشد محمود سمیت وفاقی وزراء ، ممبران قومی اسمبلی، سینیٹرز اور غیر ملکی سفارتکاروں کی بڑی تعداد نے شر کت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز صدر ممنون حسین نے پرچم کشائی سے کیا۔ یوم آزادی کی مرکزی تقریب کے موقع پر اسلام آباد میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ۔ وفاقی دارالحکومت کی اہم شاہراوٴں پر پاک فوج کے دستے تعینات جب کہ موبائل فون سروس بھی معطل رہی۔کراچی میں بھی مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ مزار قائد پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت ممبران سندھ اسمبلی نے شرکت کر کے فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

لاہور میں بھی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پرچم کشائی کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے بھی صوبائی اسمبلی میں پرچم کشائی کی۔یوم آزادی کے موقع پر گلی گلی، کوچے کوچے میں آزادی کے جذبے سے سرشار شہریوں نے چراغاں کیا اور قوم پرچموں سے اپنے گھروں کو سجایا جب کہ 13 اگست کی رات 12 بجتے ہی کراچی، لاہور، کوئٹہ اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور اس موقع پر آسمان روشنیوں سے منور ہوگیا۔

ملک کے مختلف حصوں میں جشن آزادی کی مناسبت سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوان، بوڑھے، بچے سب ہی ملی نغموں پر رقص کیا۔ یوم آزادی کے موقع پر کراچی سمیت دیگر شہروں میں منچلے رات کو سڑکوں پر نکل آئے اور یوم آزادی کا جشن منایا۔

متعلقہ عنوان :