شہر یار خان کرکٹ کے امور میں دلچسپی رکھتے ہیں لیکن وہ پی سی بی چیئر مین شپ کیلئے موزوں شخصیت نہیں ‘جاوید میانداد

جمعہ 14 اگست 2015 12:11

شہر یار خان کرکٹ کے امور میں دلچسپی رکھتے ہیں لیکن وہ پی سی بی چیئر مین ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم بلے باز جاوید میانداد نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کرکٹ کے امور میں دلچسپی رکھتے ہیں تاہم وہ پی سی بی چیئرمین شپ کیلئے موزوں شخصیت نہیں۔ایک انٹرویومیں جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی تنزلی کی وجہ سیاست، کرکٹ معاملات چلانے کیلئے غلط شخصیات کے انتخاب اور مستقل سسٹم کی غیر موجودگی کو قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں شہریار خان پی سی بی چیئرمین شپ کیلئے موزوں شخصیت نہیں وہ کرکٹ کے امور میں دلچسپی رکھتے ہیں تاہم وہ کھیل کی باریکیاں نہیں سمجھتے حتیٰ کہ سابق چیئرمین نجم سیٹھی بھی عہدے کیلئے موزوں نہیں تھے۔میانداد نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران بورڈ کے سب سے بڑے عہدے پر فائض رہنے والی شخصیات کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ توقیر ضیا اور اعجاز چیئرمین کے عہدے کیلئے بہترین انتخاب تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدم احتساب، مستقل سسٹم کی کمی اور جوئے کی لت نے کرکٹ کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر کھیلوں کو بھی تباہ کردیا۔ہمارے دور میں میچ فکسنگ نہیں تھی اور نہ ہی کبھی میں نے یا کسی اور نے جوا کھیلا ورنہ مجھے عوام سے کبھی اتنی عزت نہ ملتی لیکن یقیناً جواری اور جوا پاکستان کرکٹ کیلئے لعنت ہے۔اس موقع پر انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان پاکستان کے کرکٹ معاملے سنبھالنے کے سلسلے میں ایک اچھا انتخاب ہیں تاہم سیاسی میدان میں مصروفیت کی وجہ سے وہ کرکٹ کو وقت دینے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے سیاست میں آنے کے امکان کو رد کرتے ہوئے کہا کہ میں سیاست کیلئے موزوں نہیں اور نہ ہی میرا کبھی اس طرف رجحان رہا، عمران خان کے دھرنے میں شرکت دوستی کی وجہ سے کی کیونکہ ہم نے شروع سے کرکٹ ساتھ کھیلی اور ہماری بہت پرانی دوستی ہے۔میانداد نے پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے ایک مستقل اور موثر سسٹم کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے پاکستان میں کوئی باقاعدہ سسٹم نہیں اور چاہے جو بھی بورڈ کا سربراہ ہو، سسٹم کو اس کے مزاج مزاج اور منشا کے مطابق چلنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :