کرکٹرز کے مطالبات پورے نہ ہوئے، سنٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ لٹک گیا

جمعہ 14 اگست 2015 14:14

کرکٹرز کے مطالبات پورے نہ ہوئے، سنٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ لٹک گیا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء) قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کے معاوضے میں اضافہ کے حوالے سے مطالبات پورے نہ ہو سکے جس کے بعد سنٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ لٹک گیا ہے، پی سی بی حکام سے تینوں فارمیٹس کے کپتانوں کی ملاقات کا بھی کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا، پی سی بی کا کہنا ہے کہ جلد ہی معاملے کا حل نکال لیا جائے گا۔سال رواں کا 8واں مہینہ جاری ہے لیکن ابھی تک کرکٹرز کو نئے سال کا کنٹریکٹ نہیں مل سکا۔

پی سی بی نے ورلڈ کپ سے قبل کھلاڑیوں کو 3 ماہ کا عارضی کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ کیا لیکن کھلاڑیوں نے اس پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد تاحال معاوضے کے معاملے پر فریقین میں کوئی اتفاق نہیں ہو رہا۔کھلاڑیوں کا مطالبہ ہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ میں معاوضے کی رقم میں اضافہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

کھلاڑیوں نے پی سی بی سے ماہانہ معاوضے میں 15 فیصد اضافے کے ساتھ ساتھ ہر سیریز سے حاصل ہونے والی آمدنی میں بھی اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق پی سی بی ان میں سے کوئی ایک شرط ماننے کو تیار ہے لیکن کھلاڑی اس پر راضی نہیں۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ 2014 میں بھی معاوضے میں اضافہ نہیں کیا گیا، اس لئے اب اضافہ ان کا حق ہے۔پی سی بی حکام نے اس سلسلے میں آج ٹیسٹ کپتان مصباح الحق، ون ڈے کپتان اظہر علی اور ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کو پی سی بی ہیڈ کوارٹرز بلایا اور اس معاملے پر بات کی لیکن تاحال اس پر کوئی اتفاق رائے نہیں ہو سکا ہے