ایران کے جوہری معاہدے نے باراک اوباما کی مقبولیت گھٹا دی

جمعہ 14 اگست 2015 16:34

ایران کے جوہری معاہدے نے باراک اوباما کی مقبولیت گھٹا دی

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء )ایران کے جوہری معاہدے کے معاملے نے امریکی صدر باراک اوباما کی مقبولیت گھٹا دی، گیلپ سروے کے مطابق 55فیصد امریکی صدر اوباما کی ایران پالیسی کے مخالف ہیں۔گیلپ کے نئے سروے کے مطابق تین میں سے ایک امریکی ایران جوہری پروگرام کو کنٹرول کرنے کے بین الاقوامی معاہدے پر صدر براک اوباما کی پالیسی کو پسند نہیں کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ سروے پانچ سے نو اگست کے دوران کیا گیا جس میں امریکا کی پچاس ریاستوں سے ایک ہزار سے زائد افراد سے سوالات پوچھے گئے۔ تازہ سروے کے مطابق 55 فی صد لوگ مسٹر اوباما کی ایران پالیسی کو پسند نہیں کرتے،صرف 33 فی صد شہری اْن کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔ تاہم تعلیم، معیشت، دہشت گردی اور خارجہ امور سمیت دیگر شعبوں میں امریکی شہری صدر اوباما کی پالیسی کے حامی ہیں۔گیلپ سروے کے مطابق صدر اوباما کی مقبولیت کی مجموعی شرح 47 فی صد ہے۔