تحریک انصاف کی پالیسی سے حیران ہوں‘پہلے (ن)لیگ اب تحریک انصاف لوٹے بناتی ہے(ق)لیگ والوں کو ٹکٹوں کا لالچ دے کر تحریک انصاف میں شامل کیا جا رہا ہے ‘ تحر یک انصاف کے لوگ ہمارے کارکنوں کو ورغلارہے ہیں، ایک شخص سکاٹ لینڈ سے آکر ٹکٹوں کے وعدے کر رہا ہے ، پوری قوم متحد ہو کرآزادی کی نعمت کی حفاظت کرے

مسلم لیگ(ق) کے مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی کی یوم آزادی کے موقع پر تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

جمعہ 14 اگست 2015 20:25

تحریک انصاف کی پالیسی سے حیران ہوں‘پہلے (ن)لیگ اب تحریک انصاف لوٹے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء ) مسلم لیگ(ق) کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی پالیسی سے حیران ہوں‘پہلے (ن)لیگ لوٹے بناتی تھی اب تحریک انصاف بناتی ہے ،(ق)لیگ والوں کو ٹکٹوں کا لالچ دے کر تحریک انصاف میں شامل کیا جا رہا ہے ‘ تحر یک انصاف کے لوگ ہمارے کارکنوں کو ورغلارہے ہیں اور ایک شخص سکاٹ لینڈ سے آکر ٹکٹوں کے وعدے کر رہا ہے ‘آزادی اﷲ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے اس کی قدر بھارت اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں سے پوچھیں جو غربت، بیروزگاری اور عدم تحفظ کا شکار ہیں، پوری قوم متحد ہو کر اس نعمت کی حفاظت کرے اور تحریک پاکستان کے شہداء اور پاک فوج کے ان جوانوں اور افسروں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے جنہوں نے اس ملک کو بنانے اور خارجی و داخلی محاذوں پر اس کی حفاظت کیلئے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کر دیا اور آج ہم آزاد ہیں۔

(جاری ہے)

وہ یہاں مسلم لیگ ہاؤس میں پرچم کشائی کے بعد پاکستان، قائداعظمؒ، مسلم لیگ، چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کے حق میں پرجوش نعروں کی گونج میں اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر طارق بشیر چیمہ ایم این اے، چودھری ظہیرالدین، ارکان پنجاب اسمبلی عامر سلطان چیمہ، خدیجہ عمر فاروقی اور دیگر لیگی رہنما بھی موجود تھے۔

چودھری پرویزالٰہی نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں اس بات سے اتفاق کیا کہ پی ٹی آئی اپوزیشن جماعتوں کے بندے توڑ کر حکومت کا کام کر رہی ہے اور ملک میں عام انتخابات یا بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا کوئی اعلان نہ ہونے کے باوجود لوگوں کو شامل کرنے کیلئے ٹکٹوں کے یکطرفہ وعدے کیے جا رہے ہیں اور ن لیگ کی طرح ہر جگہ لوٹا سازی میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو کمزور کرنے سے حکومت کے ہاتھ مضبوط ہوتے ہیں۔ انہوں نے سانحہ قصور کو بیڈگورنینس کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پولیس اور انتظامیہ کو کمزور کرنے اور ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرنے کا نتیجہ ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کی طرح مشترکہ تفتیش کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، ہم سب کی سیاست ہے، کاروبار، ملازمتیں، عہدے اور رتبے ہیں، بھارت میں مسلمان آج بھی دوسرے درجے کے شہری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے، ہمارے لیے یہ بات باعث فخر ہے کہ صرف پاکستان مسلم لیگ نے اپنے دور حکومت میں اس منزل کے حصول کیلئے انقلابی اقدامات کیے، کتابیں، علاج، دوائیاں مفت کیں، ریسکیو 1122 جیسی فری ایمبولینس سروس شروع کی، کسانوں کیلئے بجلی کی قیمت آدھی کی، فصلوں کی انشورنس شروع کی، معذور اور لاوارث بچوں کیلئے بھی ایسے ادارے قائم کیے جہاں ان کیلئے تعلیم، علاج اور رہائش مفت تھی۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی غیرجانبداری سے پاکستان کی 68 سالہ تاریخ کا مطالعہ کرے گا وہ یہ اعتراف کرے گا کہ یہ صرف آپ کی پاکستان مسلم لیگ تھی جس نے قائداعظمؒ کے ارشادات کی روشنی میں پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی طرف پیش رفت کی، انشاء اﷲ اگلی بار پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا کام جہاں سے چھوڑا تھا وہاں سے پھر شروع کریں گے۔ اس موقع پر سابق ایم این اے میاں منیر، شیخ عمر حیات، انجینئر شہزادالٰہی، بلال مصطفی شیرازی، آمنہ الفت، سیدہ ماجدہ زیدی، تمکین آفتاب اور دیگر سرگرم رہنما موجود تھے۔