پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سندھ کے وزیر برائے کچی آباد ی جاوید ناگوری نے استعفیٰ دیدیا

جمعہ 14 اگست 2015 20:58

پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سندھ کے وزیر برائے کچی آباد ی جاوید ناگوری ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سندھ کے وزیر برائے کچی آباد ی جاوید ناگوری نے صوبائی وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق جاوید ناگوری نے اپنی صحت خرابی کے باعث صوبائی وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دیا جو وزیر اعلیٰ سندھ کو موصول ہو گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر جاوید ناگوری کی کارکردگی سے پیپلز پارٹی کی قیادت مطمئن نہیں تھی جس کے باعث ان سے استعفیٰ لیا گیا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید ناگوری نے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے عہدوں پر حالیہ کی جانے والی تبدیلیوں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا اور پارٹی قیادت کو کہا تھا کہ مرکزی عہدوں میں سے کوئی عہدہ لیاری کو دیا جائے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل وہ کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے قریبی ساتھی بھی سمجھے جاتے تھے تاہم بعد ازاں وہ پیپلز امن کمیٹی میں اختلافات کے باعث اُن سے الگ ہو گئے ۔

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ وہ پیپلز پارٹی کے کارکن ہیں اور رہیں گے اور بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے کارکن کی حیثیت سے کام کرتا رہوں گا ، میراکسی امن کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے او رنہ ہی کبھی رہا ہے ۔ اس طرح کی تمام خبریں غلط اور بے بنیاد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ لیاری سے پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندے ہیں او ررکن سندھ اسمبلی کی حیثیت سے فرائض سر انجام دیتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے صحت خرابی کی وجہ پر وزارت سے استعفیٰ دیا ہے اور پارٹی عہدوں پر کوئی تحفظات کا اظہار نہیں کیا۔

متعلقہ عنوان :