دہشتگردی کے خلاف جنگ کامیاب ہوگی ، پاک فوج کے جوانوں اور افسروں کی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں ، جمہوریت میں استحکام اور بہتری وقت کے ساتھ آئے گی

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کابیان

جمعہ 14 اگست 2015 21:22

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ ضرور کامیاب ہوگی اور پاکستان میں امن اور استحکام کی خاطر جانیں دینے والوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا ، جمہوریت میں استحکام اور بہتری وقت کے ساتھ آئے گی ، ماضی کے نت نئے تجربات نے ہمیں بدامنی ، انتشار ، علیحدگی پسندگی اور دہشتگردی کے سوا کچھ نہیں دیا ، قوم کو یوم آزادی مبارک ہو ۔

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ یوم آزادی پر ہمیں ان جوانوں اور افسروں کی قربانیوں کو نہیں بھولنا چاہیے جنہوں نے دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز کی حفاظت کی اور اس موقع پر سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم شہداء کو بھی نہیں بھولنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کیلئے خدمات سرانجام دینے والے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ قابل قدر ہیں اور ہمیں ایسے لوگوں کی خدمات کو فراموش نہیں کرنا چاہیے یہی لوگ آزادی کے ہیروز ، امن و اصول ، قانون اور جمہوریت پسندوں کا اصل سرمایہ افتخار ہیں ۔

خورشید شاہ نے کہا کہ مستحکم پاکستان ہمارے امن و سکون کی ضمانت ہے ، لہٰذا اس ملک کی خدمت ہم سب پر فرض ہے اور اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے مینڈیٹ کے مطابق اپنے فرائض ادا کرتے جائیں ، جیو اور جینے دو کے اصول سے رو گردانی نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے اصولوں سے دوری اور قائد عوام کے آئین سے انحراف نے ہمیں منزل سے دور کیا ہے لیکن اگر ہم ان اصولوں اور آئین کے سائے میں آگے بڑھتے رہے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم منزل مقصود کو حاصل نہ کرسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں مزید بہتری وقت کے ساتھ آئے گی کیونکہ ہر چیز میں ترقی کا عمل تسلسل سے جڑا ہوا ہے ، ماضی کے نت نئے تجربات نے ہمیں بدامنی ، انتشار علیحدگی پسندگی اور دہشتگردی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے خواب ، جمہوریت امن اور بھائی چارے سے جڑے ہوئے تھے اور ہم پر یہ فرض ہے کہ ہم بہتر انداز جمہوریت اور بہتر طرز حکمرانی کے ذریعے قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر حاصل کریں