سانحہ پشاور میں ملوث درندوں کا کیفر کردار کو پہنچنا باعث اطمینان ہے، مجرمانہ اور منافقانہ کارروائیوں کا پاکستان سے جلد خاتمہ ہو گا، فوجی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ مشکل تھا لیکن ملک کی خاطر کیا

وزیراعظم نواز شریف کا بیان

جمعہ 14 اگست 2015 21:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے سانحہ پشاور کے دہشتگردوں کے کیفرکردار تک پہنچنے پراطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اے پی ایس پشاورمیں پھول جیسے بچوں کومسلنے والے کیفر کردار کو پہنچ گئے ، سانحہ پشاور میں ملوث درندوں کا کیفر کردار کو پہنچنا باعث اطمینان ہے، مجرمانہ اور منافقانہ کارروائیوں کا پاکستان سے جلد خاتمہ ہو گا، فوجی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ مشکل تھا لیکن ملک کی خاطر کیا۔

جمعہ کو وزیراعظم نے آرمی چیف کی جانب سے سانحہ پشاورکے مجرمان کو موت کی سزاؤں کی توثیق پرردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ جان کر اطمینان ہوا کہ پشاور کے 300پھولوں کو شہید کرنے والے درندے کیفر کردار کو پہنچے ہیں، فوجی عدالتوں کا قیام مشکل فیصلہ تھا لیکن ملک کی خاطر کیا، مجرمانہ اور منافقانہ کارروائیوں کا پاکستان سے جلد خاتمہ ہو گا،پارلیمنٹ سپریم کورٹ فوجی عدالتوں نے جیسے کردار ادا کیا وہ قابل تحسین ہے اور تمام جمہوری جماعتوں نے اختلافات بھلا کر فوجی عدالتوں کے قیام میں تعاون کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجرموں کو قرار واقعی سزاؤں سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو رہا ہے، ملک کے تمام مسائل کا حل جمہوری اقدار اور اداروں کے باہمی تعاون سے ممکن ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کی کمر توڑنے میں فوج کا کردار مثالی ہے، ہم اتحاد، باہمی تعاون سے ملکی مسائل حل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔(اح)