امن و امان میں بہتری حکومت نہیں پاکستان کی کامیابی ہے، پاکستان سے دہشت گردی کا جلد خاتمہ ہو گا، جشن آزادی پر ملک بھر کے تمام علاقوں میں قومی پرچم لہرایا گیا، پاکستان نے گزشتہ ایک سال میں دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کیں ، پوری دنیا کو پیغام دیکر یہ ثابت کیا کہ ہم زندہ قوم ہیں

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا ریڈیو پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعہ 14 اگست 2015 21:36

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ امن و امان میں بہتری حکومت کی نہیں پاکستان کی کامیابی ہے، پاکستان سے دہشت گردی کا جلد خاتمہ ہو گا، جشن آزادی پر ملک بھر کے تمام علاقوں میں قومی پرچم لہرایا گیا، پاکستان نے گزشتہ ایک سال میں دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، پاکستان کے جن علاقوں میں قومی پرچم لہرانا اور قومی ترانہ پڑھنا مشکل ہوگیا تھا آج ان تمام علاقوں میں 14 اگست کے موقع پر قومی پرچم بھی لہرایا گیا اور قومی ترانہ بھی پڑھا گیا ، یہ حکومت کی کامیابی نہیں بلکہ عوام کی کامیابی ہے ، آج جو پیغام پوری دنیا کو دیا گیا ہے اس سے یہ ثابت ہوا کہ ہم زندہ قوم ہیں ۔

وہ جمعہ کو پی این سی اے میں ریڈیو پاکستان کے زیر اہتمام مرتب کئے گئے ملی نغموں کاالبم جاری کرنے کے افتتاح اور پر گائیکی کے نئے ٹیلنٹ کو متعارف کرانے کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہا کہ آج ایک خوشی یوم آزادی کی ہے اور دوسری خوشی ریڈیو پاکستان کی طرف سے ایک خوبصورت تقریب کے انعقاد کی ہے جس ریڈیو پاکستان یقیناً مبارکباد کا مستحق ہے اور ریڈیو میڈیا کا ایک ایسا حصہ ہے جو پاکستان کے طول و عرض میں پھیلا ہوا ہے اور اس سے لوگ مستفید ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ ایک سال میں ایسی کامیابیاں حاصل کی ہیں جن سے پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند ہوگئے اور امید کی روشن صبح طلوع ہوتی نظر آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں پاکستان کے کچھ حصوں میں قومی ترانہ اور قومی پرچم نہیں لہرایا جاتا تھا لیکن 14 اگست کے اس موقع پر ان علاقوں میں قومی ترانہ پڑھا گیا اور قومی پرچم لہرایا گیا ہے ، یہ حکومت کی کامیابی نہیں بلکہ پاکستان کی عوام کی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر یکجہتی کا جو پیغام آج پوری دنیا میں گیا ہے اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی قوم ایک زندہ قوم ہے