Live Updates

دھرنوں میں پی ٹی آئی سے کئی غلطیاں ہوئیں،دھرنوں کے لائحہ عمل سے متعلق مشاورت میں کمی تھی ، ایسے پیغامات یا نعرے لگائے گئے جو غلط تھے،سول نامرنی کی کال درست نہیں تھی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں اعتراف

جمعہ 14 اگست 2015 22:45

دھرنوں میں پی ٹی آئی سے کئی غلطیاں ہوئیں،دھرنوں کے لائحہ عمل سے متعلق ..

لندن /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے اعتراف کیا ہے کہ گذشتہ برس پی ٹی آئی کے احتجاجی دھرنوں میں ان کی جماعت سے کئی غلطیاں ہوئیں،دھرنوں کے لائحہ عمل سے متعلق مشاورت میں کمی تھی اور ایسے پیغامات یا نعرے لگائے گئے جو غلط تھے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے اسد عمر نے کہاکہ ’ہاں بالکل، ہم سے غلطیاں ہوئی اور کئی غلطیاں ہوئیں، دھرنوں کے لائحہ عمل سے متعلق مشاورت میں کمی تھی اور ایسے پیغامات یا نعرے لگائے گئے جو غلط تھے۔

‘گذشتہ برس اسی مہینے میں پاکستان کے سیاسی نظام کو اس وقت شدید دھچکہ لگا جب انتحابات میں دھاندلی کا معاملہ پارلیمنٹ کے ذریعے حل کرنے کے بجائے پاکستان تحریک انصاف سڑکوں پر نکل آئی۔

(جاری ہے)

تو کیا دھرنوں میں عمران خان کی جانب سے سول نافرمانی کی کال یا لگائے گئے متعدد الزامات یک طرفہ تھے؟اس سلسلے میں اسد عمر کا کہنا ہے کہ سول نامرنی کی کال درست نہیں تھی۔

میرے خیال میں سول نافرمانی کی کال کے بارے میں زیادہ سوچا نہیں گیا کیونکہ ایک تو اس کا اخلاقی پہلو ہے کہ کیا ریاست کے خلاف بغاوت کرنی چاہیے یا نہیں اور دوسرے حقیقی پہلو ہے کہ کیا ایسا کرنا اصل میں ممکن بھی ہے؟‘پی ٹی آئی نے تصادم کی سیاست سے کیا سیکھا؟ اس سلسلے میں اسد عمر نے کہاکہ ’پہلے تو یہ کہ صرف لوگوں کو جمع کرنے سے منصوبہ بندی کی ضرورت ختم نہیں ہوتی اور دوسرا یہ کہ پارٹی میں ایک نظام ہونا چاہیے جس سے گزر کر چیزیں چیئرمین تک پہنچیں۔

تمام حقائق کی چھان بین کر کے چیزیں چیرمین تک پہنچائی جانی چاہیے۔‘وہ کہتے ہیں کہ اس سلسلے میں چند اقدامات کیے گئے ہیں۔حکومت کی جانب سے سازش کے الزامات پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’میں اور عوام الزام لگا سکتے ہیں مگر حکومت ایسے نہیں کر سکتی کیونکہ اس کا کام آئین اور قانون نافذ کرنا ہے، وہ محض الزام تراشی سے کام نہیں لے سکتی۔‘مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بیان بازی کا سلسلے ایک ایسے وقت میں شروع ہوا ہے جب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 100 سے زیادہ دن تک جاری رہنے والے احتجاجی دھرنے کو ایک برس ہو چلا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات