آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ، بھارتی پولیس کا سری سانتھ اور دیگر دو کھلاڑیوں کیخلاف اپیل کا فیصلہ

ہفتہ 15 اگست 2015 11:43

آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ، بھارتی پولیس کا سری سانتھ اور دیگر دو کھلاڑیوں ..

نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15اگست۔2015ء) دہلی پولیس نے انڈین پریمئر لیگ میں مبینہ سپاٹ فکسنگ کرنے والے سابق ٹیسٹ فاسٹ باؤلر شانتا کمارن سری سانتھ اور ان کے دو ساتھی کھلاڑیوں کو نچلی عدالت سے ملنے والی کلین چٹ کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سپیشل کمشنر ایس این سری واستو کا کہنا تھا کہ پولیس نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو بغور دیکھنے کے بعد اگست کے آخر تک اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

سری واستو کے مطابق پولیس کے پاس ان تینوں کھلاڑیوں کے خلاف اپیل دائرکرنے کیلئے کافی ثبوت ہیں وہ تینوں صرف اس لیے بری ہوئے کیونکہ سپاٹ فکسنگ سے نمٹنے کیلئے خصوصی قانون موجود نہیں تھا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت نے کھیلوں بالخصوص آئی پی ایل میں موجود گندگی کو سامنے لانے کی کوششوں پر انکی تعریف کی تھی ۔ خیال رہے کہ گزشتہ مہینے ٹرائل کورٹ نے راجھستان رائلز کے سری سانتھ، اجیت چھندیلا اور انکیت چون کو تمام الزامات سے بری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کے موجودہ قوانین کی وجہ سے اس کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔