خواتین کے ساتھ زیادتی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، یہ گلگت بلتستان کی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملزمان پر انسداد دہشت گردی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا، واقعہ میں ملوث افراد کو عبرتناک سزا دی جائے گی

صوبائی وزیر وویمن ڈویلپمنٹ و امور نوجوانان گلگت بلتستان ثوبیہ مقدم کی خصوصی گفتگو

ہفتہ 15 اگست 2015 14:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اگست۔2015ء) صوبائی وزیر وویمن ڈویلپمنٹ و امور نوجوانان گلگت بلتستان ثوبیہ مقدم نے کہا ہے کہ خواتین کے ساتھ زیادتی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، یہ گلگت بلتستان کی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملزمان پر انسداد دہشت گردی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا، واقعہ میں ملوث افراد کو عبرتناک سزا دی جائے گی۔

ہفتہ کو اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اگست۔2015ء سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر گلگت بلتستان ثوبیہ مقدم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں خواتین کو ڈرنا نہیں چاہیے، حکومت نے زیادتی کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور میں بھی اس میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہوں اور گلگت بلتستان کی خواتین کی نمائندہ ہونے کی حیثیت سے ان کیلئے کام کرنا میری ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں یہ ایسی نوعیت کا پہلا واقع ہے جو انتہائی افسوسناک ہے، حکومت بھی اس میں دلچسپی لے رہی ہے اور حکومت کی جانب سے تحقیقات کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملزمان پر انسداد دہشت گردی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا تا کہ ان ملزمان کو عبرت ناک سزا دی جائے جو اس طرح کے گھناؤنے اور مکروہ کام میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں گلگت بلتستان کی خواتین کی کابینہ میں ترجمان ہوں اور اس ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے خواتین کی ترقی کیلئے کام کروں گی۔