این اے 19 ضمنی انتخابات میں پہلی دفعہ بائیو میٹرک سسٹم کا استعمال ہورہا ہے، فدا محمد

عملے کو خصوصی تربیت دی گئی ہے، اس نظام کی کامیابی کے بعد ضمنی اور عام انتخابات میں بھی یہ استعمال ہو گا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے پر الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں برتاؤ کرے گا، ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن کی پریس کانفرنس

ہفتہ 15 اگست 2015 19:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اگست۔2015ء) ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن فدا محمد خان نے کہا ہے کہ ہری پور کے حلقہ این اے 19 کے ضمنی انتخابات میں پہلی دفعہ بائیو میٹرک سسٹم کا استعمال ہورہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے بائیومیٹرک کے عملے کو خصوصی تربیت دی ہے اس نظام کے کامیاب ہونے کے بعد ضمنی اور عام انتخابات میں بھی یہ استعمال ہو گا۔

ہفتہ کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو کثیر تعداد میں شکایات موصول ہوئی ہیں کہ ہری پور ضمنی انتخابات میں سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال ہورہا ہے وزیراعظم نواز شریف خود الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے دائرے میں آئے ہوئے ہیں الیکشن کمیشن ان تمام شکایات اور وزیراعظم کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران سرکاری وسائل استعمال سمیت دیگر الزامات کا جائزہ لے رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن یہ بھی دیکھے گا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کس حد تک الیکشن کمیشن کارروائی کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں برتاؤ کرے گا ۔ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت اور رابطے میں ہو تا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این اے 19 کے ضمنی انتخابات میں بائیو میٹرک سسٹم کا استعمال پہلی بار ہورہا ہے بائیو میٹرک نظام کیلئے الیکشن کمیشن کے عمل کو خصوصی تربیت دی ہے اس نظام کے کامیاب ہونے کے بعد بائیو میٹرک سسٹم آئندہ ضمنی اور عام انتخابات میں استعمال ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بائیو میٹرک سسٹم تجرباتی بنیادوں پر کررہے ہیں کہ این اے 19 کے ضمنی انتخابات کے تیس پولنگ اسٹیشن میں سے ساٹ پولنگ بوتھ پر یہ تجربات کیے جارہے ہیں بائیو میٹرک نظام کیلئے پی ٹی اے ‘ نادرا اور یو فون کی معاونت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہری پور ضمنی انتخابات سے وفاق اور صوبائی حکومت نے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اکٹھے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا ہے ۔

پولنگ کے دن پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کرنے کی تیاری مکمل ہے اس کے ساتھ ساتھ فوج کا تعاون بھی حاصل ہے۔ سکیورٹی ادارے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار رہیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخابات میں پرانے ووٹنگ سسٹم پر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکسن کمیسن ان تمام شکایات سمیت وزیراعظم کا دورہ ہری پور اور سرکاری وسائل کے استعمال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے آئینی حدود میں کام کررہا ہے۔ (عابد شاہ)

متعلقہ عنوان :