متنازع بیان ٗمشاہد اﷲ خان نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا

مشاہد اﷲ کو مالدیپ سے فوری طورپر بلالیا ہے ٗ وطن واپس آ کر وزیر اعظم کو باضابطہ طورپر استعفیٰ پیش کرینگے

ہفتہ 15 اگست 2015 20:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اگست۔2015ء) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ظہیر الاسلام عباسی سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان کے بعد مشاہد اﷲ خان نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ایک انٹرویو میں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزرشید نے کہا کہ وزیرماحولیات مشاہد اﷲ خان نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم ہاؤس بھجوا دیا ہے۔

(جاری ہے)

مشاہداﷲ خان اس وقت مالدیپ میں ہیں اور انہیں فوری طور پر وطن واپس بلا لیا گیا ہے، وطن واپس آکر وہ وزیر اعظم نواز شریف کے سامنے باضابطہ طورپراپنا استعفیٰ پیش کردیں گے۔واضح رہے کہ مشاہد اﷲ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ظہیر الاسلام گزشتہ سال دھرنوں کے دوران سول اور فوجی قیادت کو ہٹاکر اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتے تھے۔ مشاہد اﷲ کے اس بیان پر فوری طور پر وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان نے کہا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر مشاہداﷲ سے ان کے بیان پر وضاحت طلب کرلی ہے ۔