ملائیشیا نے پاکستان تھری کو ہرا کر ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ ٹیم ٹائٹل جیت لیا

ہفتہ 15 اگست 2015 20:29

ملائیشیا نے پاکستان تھری کو ہرا کر ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ ٹیم ٹائٹل جیت ..

اسلام آباد ۔ 15 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اگست۔2015ء) ملائیشیا نے پاکستان تھری کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر آئی بی ایس ایف ٹیم سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں پاکستان تھری کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد بیسٹ آف نائن فریمز میں 5-4 سے زیر کر کے ملک کیلئے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کراچی میں منعقدہ مینز ٹیم ایونٹ کے فائنل میں پاکستان تھری کا مقابلہ ملائیشیا سے تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم اعصاب کی جنگ میں قسمت نے پاکستانی ٹیم کا ساتھ نہ دیا اور ملائیشیا نے بیسٹ آف نائن فریمز میں اسے 5-4 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا، اسجد اقبال اور شاہد آفتاب پر مشتمل پاکستانی جوڑی نے پہلے فریم میں کین ہومو اور کوک لیونگ پر مشتمل ملائیشین جوڑی کو 71-40 سے ہرا کر برتری حاصل کی لیکن ملائیشین جوڑی نے دوسرا فریم 77-20 سے جیت کر مقابلہ برابر کر دیا، پاکستانی جوڑی نے ہمت نہ ہاری اور اگلا فریم 73-66 سے جیت کر ایک بار پھر حریف ٹیم پر برتری حاصل کی لیکن ملائیشین ٹیم نے اگلے فریم میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 101-6 سے کامیابی حاصل کر کے مقابلہ ایک بار پھر برابر کر دیا، پانچویں فریم میں ملائیشین جوڑی نے پاکستان کو 73-42 سے ہرا کر برتری 3-2 کر دی لیکن اسجد اور شاہد نے ہمت نہ ہاری اور چھٹے فریم میں حریف جوڑی کو 67-0 سے ہرا کر مقابلہ 3-3 فریمز سے برابر کر دیا، ساتویں فریم میں بھی پاکستانی جوڑی چھائی رہی اور اس نے ملائشین جوڑی کو 63-38 سے ہرا کر ایک بار پھر حریف ٹیم پر برتری حاصل کی لیکن ملائیشیا نے آٹھواں فریم 102-25 سے جیت کر مقابلہ پھر 4-4 فریمز سے برابر کر دیا، نویں اور فیصلہ کن فریم میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم قسمت نے پاکستانی جوڑی کا ساتھ نہ دیا اور ملائیشیا نے 53-43 سے کامیابی حاصل کر کے میچ 5-4 فریمز سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

(

متعلقہ عنوان :