اعجاز الرحمان نے آزادی کپ نیشنل ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ مینز سنگل ٹائٹل جیت لیا

ہفتہ 15 اگست 2015 20:29

اعجاز الرحمان نے آزادی کپ نیشنل ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ مینز سنگل ٹائٹل ..

اسلام آباد ۔ 15 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اگست۔2015ء) اعجاز الرحمان نے آزادی کپ نیشنل ٹین پن باؤلنگ چیمپیئن شپ مینز سنگل ٹائٹل جیت لیا۔ 46 روزہ چیمپئن شپ میں لاہور ، کراچی، ملتان اور اسلام آباد کے کھلاڑیوں نے شرکت کی اور ان کے درمیان سنگل، ڈبل، ٹیم امیچور اور ڈیف ایونٹ فارمیٹ کے میچز ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے اعجاز الرحمان نے سنگل مینز ایونٹ کے فائنل میں حریف کھلاڑی ظفر اقبال کو شکست دیتے ہوئے آزادی کپ قومی چیمپیئن ایک بار پھر جیت لی۔

اعجاز الرحمان نے 2 گیمز میں 408 سکور حاصل کئے اور 50 ہزار روپے کیش اور ٹرافی کا انعام جیتا۔ دوسرے نمبر پر ظفر اقبال نے 396 پوائنٹس حاصل کرکے 25 ہزار روپے کیش انعام اور ٹرافی حاصل کی جبکہ محمد حسین چٹھہ نے 390 سکور کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے 15 ہزار روپے کیش اور ٹرافی حاصل کی۔

(جاری ہے)

ڈبلز کیٹگری میں اعجاز الرحمان اور عاشق علی نے 818 سکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ، ٹیم ایونٹ میں اسلام آباد کے کھلاڑیوں دانیال شاہ ، احمر عباس ، علی سوریہ اور فیضان طارق نے گولڈ میڈل سمیت 20 ہزار روپے کیش ایوارڈ جیتا، ڈیف ایونٹ میں قاسم نے فائنل راؤنڈ میں 10 سکور کے ساتھ حریف کھلاڑی ناصر کو شکست دیتے ہوئے 178 سکور حاصل کئے اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔

اس موقع پر پاکستان ٹین پن باؤلنگ کے جنرل سیکرٹری اعجاز الرحمان اور چیف آرگنائزر لیئز سٹی باؤلنگ کلب نے کھلاڑیوں کے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے پر ان کے کھیل کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ اس کھیل میں کثیر تعداد میں کھلاڑیوں کی شرکت سے ثابت ہوتا ہے کہ ٹین پن باؤلنگ کا کھیل پاکستان میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل کر رہا ہے ۔