اے ٹی ایف کوچنگ کیمپ کا آغاز (کل)ہوگا،کوالیفائیڈ کوچ ٹریننگ دیں گے

`

ہفتہ 15 اگست 2015 21:57

اسلام آباد ۔ 15 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اگست۔2015ء) ایشین ٹینس فیڈریشن (اے ٹی ایف) کوچنگ کیمپ کا آغاز (کل) اتوار سے پاکستان آرڈنینس فیکٹری (پی او ایف) واہ میں ہو گا۔ کوالیفائیڈ کوچ خانسامان پراچا راپول کوچنگ کیمپ میں شریک جونیئر کھلاڑیوں کو جدید ہٹنگ تراکیب اور کوچنگ طریقوں کے بارے ٹریننگ دیں گے، اس کے علاوہ کوچز کو بھی اعلی معیار کی تربیت فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پی او ایف کے چیئرمین لیفٹینینٹ جنرل عمر محمود حیات چودہ روزہ کوچنگ کیمپ کو اسپانسر کر رہے ہیں، پی ٹی ایف کے صدر سلیم سیف اللہ خان نے ایونٹ کو اسپانسر کرنے پر عمر حیات کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے ملک میں ٹینس کھیل کی ترقی و فروغ کیلئے پی او ایف کی خدمات کو بھی سراہا۔ فیڈریشن نے 13 سے 17 سال تک کی عمر کے 20 کھلاڑیوں کو کیمپ میں مدعو کیا ہے اور کرنل انعام اللہ کیمپ کمانڈنٹ ہوں گے۔ دوسرے اسٹیشنز سے آنے والے کھلاڑیوں کو رہن سہن اور بورڈنگ کی سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ کیمپ کے انعقاد کا مقصد نئے کھلاڑیوں کو سامنے لانا ہے تاکہ مستقبل کیلئے بہترین اور مضبوط ٹیم تشکیل دی جائے۔