حالیہ برسوں میں ٹنل فارمنگ کے رجحان میں اضافہ ہوا، محکمہ زراعت

اتوار 16 اگست 2015 13:15

حالیہ برسوں میں ٹنل فارمنگ کے رجحان میں اضافہ ہوا، محکمہ زراعت

راولپنڈی۔(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اگست۔2015ء)محکمہ زراعت راولپنڈی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ٹنل فارمنگ سے سبزیوں کی فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔ترجمان نے کہاکہعمومی موسم سے ہٹ کر سبزیوں کی کاشت بے موسمی کاشت کہلاتی ہے۔ پاکستان میں حالیہ سالوں میں بے موسمی سبزیوں کی کاشت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی بڑی وجہ مارکیٹ میں ان سبزیوں کی زیادہ قیمت اور فوری فروخت ہے۔

(جاری ہے)

بے موسمی سبزیوں کی کاشت کے لئے ٹنل فارمنگ کے رجحان میں وقت کے ساتھ اضافہ ہوا ہے اور کاشتکار بالخصوص کم رقبے کے مالک ٹنل فارمنگ کو اپنا کر ایک وقت میں زیادہ سبزیاں کاشت کرتے ہوئے اپنی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ کرسکتے ہیں۔ سبزیوں کی ٹنل میں کاشت سے فی ایکڑ پودوں کی تعداد عام کاشت کی نسبت زیادہ ہوتی ہے اور نتیجتاً ٹنل میں کاشتہ سبزیوں کی فی ایکڑ پیداوار بھی زیادہ حاصل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ پیداوار کے حصول کے وقت منڈی میں زیادہ قیمت کا ملنا، کھاد اور آبپاشی کا صحیح اور مناسب استعمال بے موسمی سبزیوں کی کاشت کی اہمیت میں اضافہ کا باعث ہے۔