تھاکوٹ تا حویلیاں روڈ نیٹ ورک کی تعمیر کیلئے دو ارب 37کروڑ روپے کے فنڈز جاری

اتوار 16 اگست 2015 15:23

اسلام آباد ۔(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اگست۔2015ء)وفاقی حکومت نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے پہلے مرحلے میں تھاکوٹ تا حویلیاں روڈ نیٹ ورک کی تعمیر کیلئے دو ارب 37کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کے جاری اعدادو شمار کے مطابق تھاکوٹ تا حویلیاں 120کلو میٹر شاہراہ کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری کے ضمن میں ایک ارب روپے جبکہ انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے ایک ارب 37کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔

اعدادو شمار کے مطابق مجموعی طور پر دو ارب 37کروڑ روپے جاری ہوئے ہیں جسے پاک چین اقتصادی راہداری کے پہلے منصوبے پر کام کا آغاز ہوگا اور تھاکوٹ تا حویلیاں 120کلو میٹر روڈ نیٹ ورک کی تعمیر ہوگی ۔ علاوہ ازیں ہزارہ موٹر وے منصوبے کیلئے 26کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے ، منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اس منصوبے کے اگلے مرحلے میں حویلیاں تا مانسہرہ جبکہ تیسرے مرحلہ میں مانسہرہ تا بٹگرام موٹروے تعمیر کی جائیگی۔