آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے دہشت گردی کا عفریت آخری سانسیں لے رہا ہے، پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی کی وزیرداخلہ پنجاب پر بزدلانہ حملے کی مذمت، سابق سربراہ آئی ایس آئی جنرل حمید گل کے اچانک انتقال پر اظہارِ افسوس

اتوار 16 اگست 2015 15:37

اسلام آباد /کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اگست۔2015ء) پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور مسلم لیگ (ن)کے اقلیتی ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے پنجاب کے صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن ضربِ عضب اور موجودہ حکومت کی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب حکمتِ عملی کی بدولت دہشت گردی کا عفریت اپنی بقاء کی جنگ میں آخری سانسیں لے رہا ہے،انہوں نے اپنے مذمتی پیغام میں امید ظاہر کی کہ وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے قومی ایکشن پلان کے نفاذ کیلئے متحرک ترین حکومتی وزیر پر بزدلانہ حملہ قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کے اچانک انتقال پر پاکستان بھر میں بسنے والی ہندو کمیونٹی کی جانب سے دِلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم جنرل ایک پکے و سچے پاکستانی سولجر تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی ملکی و نظریاتی سرحدوں کے دفاع کیلئے وقف کردی۔