انڈونیشا کا مسافر طیارہ لاپتہ، 54 افراد سوار

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 16 اگست 2015 16:22

انڈونیشا کا مسافر طیارہ لاپتہ، 54 افراد سوار

جکارتا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16اگست۔2015ء) انڈونیشیا کا ایک ڈومیسٹک مسافر طیارہ اتوار کو مشرقی پاپوا کے علاقے میں لاپتہ ہو گیا ہے اور اس کا ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ حکومتی ریسکیو ادارے بسرناس کے چیف بیم بینگ سولسٹیو نے رائٹرز سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طیارے سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ بسرناس کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق طیارے میں کل 54 مسافر سوار تھے جس میں 44 بڑے، پانچ بچے اور عملے کے پانچ ارکان شامل تھے۔

طیارہ پاپوا صوبے کے دارالحکومت جیاپورا کے جنوب میں جیاپورا سنتانی ایئرپورٹ اور اوکسی بل کے درمیان پرواز کر رہا تھا۔ وزارت ٹرانسپورٹ کے ترجمان جے اے براتا نے طیارے کی گمشدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم ابھی یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ طیارے کے ساتھ کیا ہوا اور ہم مقامی حکام سے رابطے میں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ پہاڑی علاقہ ہے اور یہاں موسم بہت خراب ہے، یہاں انتہائی اندھیرا اور موسم شدید ابر آلود ہے، یہ تلاش کیلئے موزوں نہیں۔

گزشتہ سال دسمبر میں انڈونیشین شہر سوربیا سے سنگاپور جانے والا ایئر ایشیا کا مسافر طیارہ تباہ ہو گیا جس سے 162 افراد ہلاک ہو گئے تھے، اس حادثے کے بعد حکومت نے حفاظتی اقدامات بہتر بنانے کیلئے کچھ ضابطے متعارف کرائے تھے۔ جولائی میں ملک کے شمالی علاقے میں فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ تباہ ہونے سے کم از کم 100 افراد ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد انڈونیشین صدر نے ایئر فورس کے مجموعی نظام پر نظرثانی کا وعدہ کیا تھا۔