سابق صدر آصف علی زرداری کی صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر خودکش حملے کی شدید مذمت، ایسے بزدلانہ حملے قوم کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کو آخری حد تک جاری رکھنے سے نہیں روک سکتے، آج کے حملے نے قوم کا عزم مزید مستحکم کر دیا ہے ، قوم عسکریت پسندی اور انتہا پسندی کو شکست فاش دے گی،پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا تعزیتی بیان

اتوار 16 اگست 2015 19:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 اگست۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے کرنل شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر خودکش حملے کی سخت ترین مذمت کی ہے جس میں شجاع خانزادہ سمیت ایک درجن سے زائد افراد شہید ہوگئے۔اتوار کو اپنے ایک تعزیتی بیان میں سابق صدر نے کہا کہ اس بزدلانہ اور بہیمانہ حملے کی مذمت کے لئے کوئی بھی الفاظ کافی نہیں۔

(جاری ہے)

یہ حملہ دم توڑتے ہوئے عسکریت پسندوں کی جانب سے حملہ ہے اور ایسے بزدلانہ حملے قوم کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کو آخری حد تک جاری رکھنے سے نہیں روک سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے حملے نے قوم کا عزم مزید مستحکم کر دیا ہے کہ قوم عسکریت پسندی اور انتہا پسندی کو شکست فاش دے گی۔ آصف علی زرداری نے شہیدوں کے اعلیٰ درجات اور غم زدہ خاندانوں کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔