گزشتہ 15 سال کے دوران بجلی کے نرخو ں میں 300 فیصد اضافہ کیا گیا، گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت 2روپے 98 پیسے سے بڑھ کر 10 روپے 22 پیسے فی یونٹ اور زرعی استعمال کیلئے 2 روپے 76 پیسے سے بڑھ کر 14 روپے فی یونٹ ہو گئی

اتوار 16 اگست 2015 21:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 اگست۔2015ء) گزشتہ 15 سال کے دوران بجلی کے نرخو ں میں 300 فیصد اضافہ کیا گیا جبکہ گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت 2روپے 98 پیسے سے بڑھ کر 10 روپے 22 پیسے فی یونٹ اور زرعی استعمال کیلئے 2 روپے 76 پیسے سے بڑھ کر 14 روپے فی یونٹ ہو گئی۔ اتوار کو وفاقی وزارت پانی و بجلی کے سینئر ذرائع نے بتایا کہ 2000ء سے اب تک مختلف حکومتوں کی جانب سے بجلی کے نرخو ں میں 300 فیصد اضافہ کیا گیا۔

2000ء میں پاکستان کے اندر بجلی کی اوسط قیمت 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ تھی جو 2015 میں بڑھ کر 15 روپے 72 پیسے فی یونٹ ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق 2000ء میں گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت 2 روپے 98 پیسے فی یونٹ تھی جو 2015ء میں مسلسل اضافہ کے نتیجے میں بڑھ کر 10 روپے 22 پیسے فی یونٹ ‘ کمرشل صارفین 8 روپے 80 پیسے سے بڑھ کر 22 روپے 24 پیسے فی یونٹ ‘ صنعتی صارفین کیلئے 4 روپے 92 پیسے سے بڑھ کر 15 روپے 39 پیسے فی یونٹ ‘ ماہوار 500 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے 2000ء میں نرخ 5 روپے 31 پیسے تھا جو 2015ء میں بڑھ کر 15 روپے 37 پیسے فی یونٹ ہو گیا۔

(جاری ہے)

زرعی استعمال کیلئے 2 روپے 76 پیسے سے بڑھ کر 14 روپے فی یونٹ جبکہ رہائشی کالونیوں کیلئے بجلی کی قیمت 15 سال میں 6 روپے 9 پیسے سے بڑھ کر 16 روپے 76 پیسے ہوگئی۔

متعلقہ عنوان :