شاہد آفریدی کا نام دنیا کے 20 مخیر ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 16 اگست 2015 22:46

شاہد آفریدی کا نام دنیا کے 20 مخیر ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل

کراچی: پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان اور ممتاز کھلاڑی شاہد آفریدی سال 2015 کے لیے دنیا کے ان 20 کھلاڑیوں اور ایتھلیٹ میں شامل ہیں جو اپنی آمدنی کا بڑا حصہ خیراتی کاموں میں خرچ کررہے ہیں۔ شاہد آفریدی کا نامdosomething.org نامی ویب سائٹ میں درج کیا گیا ہے جن میں مایہ ناز مخیر کھلاڑیوں میں فٹ بال لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو، جان کینا، سرینا ولیمز، یونا کم، لی برون جیمز، ماریہ شراپووا، موئنے ڈیوس، رچرڈ شرمن اور دیگر ایتھلیٹس کے نام شامل ہیں۔

مخیر کھلاڑیوں کی فہرست میں ریئل مڈرڈ اور پرتگال کے فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کا نام شامل ہے جنہوں نے اپنے 10 سالہ مداح کو دماغی سرجری کے لیے 83 ہزار ڈالر کی خطیر رقم دینے کے علاوہ ایک لاکھ 65 ہزار ڈالر کینسر کے اس اسپتال کو دیئے تھے جنہوں نے ان کی والدہ کا علاج کیا تھا۔

(جاری ہے)

نمبر کے لحاظ سے رونالڈو اول، جون سینا دوم اور سرینا ولیمز تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ بھارت کی ایک خاتون ایتھلیٹ سائنہ نیہوال بھی اس فہرست میں شامل ہیں لیکن خیراتی رقم کے لحاظ سے شاہد آفریدی کا 20 واں نمبر ہے۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے مارچ 2014 میں معاشرے کے پسماندہ اور کم وسائل والے طبقے کی مدد کے لیے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن (ایس اے ایف) کی بنیاد رکھی ۔ جو اس وقت کوہاٹ اور اسے ملحقہ 14 دیہاتوں کو بنیادی سہولیات فراہم کررہا ہے۔