وفاقی ملازمین کیلئے تجویز شدہ سیکٹر ایف 14 میں مالکان اراضی سے زمین کے حصول کا معاملہ جلد طے پانے کا امکان

اتوار 16 اگست 2015 23:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 اگست۔2015ء)اسلام آباد انتظامیہ کے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی چیف کمشنر اسلام آباد کے آفس کے ساتھ کی گئی خط و کتابت سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی ملازمین کے لئے تجویز شدہ سیکٹر ایف چودہ میں مالکان اراضی سے زمین کے حصول کا معاملہ جلد طے پانے والا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے تمام متعلقہ ڈیپارٹمنس کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ F-14میں زمین کے حصول کو جلد یقینی بنایا جائے تاکہ وفاقی ملازمین و دیگر کوٹہ جات اداروں کے ملازمین کو فوری طور پر پلاٹ الاٹ کئے جا سکیں ۔

اسی تناظر میں ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے چیف کمشنر اسلام آباد کو لکھا ہے کہ F-14میں زمین کی خریداری بحساب 30لاکھ روپے فی کنال مناسب رہے گی ۔

(جاری ہے)

یہ سفارش ماضی میں لانچ کئے گئے مختلف سیکٹرز میں زمین کی خریداری کی قیمتوں کا تناسب اس طرح بتایا گیا کہ 2009ء میں جی پندرہ میں فی کنال دس لاکھ پچاس ہزار 2005ء میں جی چودہ میں (5) لاکھ نوے ہزار جبکہ 1999ء میں جی تیرہ میں فی کنال دو لاکھ تیس ہزار روپے میں زمین خریدی گئی تھی ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر عملدرآمد کے لئے پیشگی اقدامات کرتے ہوئے ایف چودہ میں ہر قسم کی تعمیرات پر پہلے سے ہی مکمل پابندی لگائی جا چکی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پابندی سے قبل کی گئی تعمیرات کا معاوضہ دیا جائے گا جبکہ پابندی کے بعد کی گئی تعمیرات کو قانون کے مطابق مسمار کر دیا جائے گا اور تعمیرات سے آنکھیں بند رکھنے والے ذمہ داران کے لئے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔