وزیر اعظم نے جی آئی ڈی سی اور ایکسپورٹرز کے مالی مسائل دور کرنے کی یقین دہانی کرادی، ایس ایم منیر

پیر 17 اگست 2015 14:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء)وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے کاروباری ، صنعتی اور ایکسپورٹرز کے مالی مسائل سمیت حکومت ا و ر کسٹمز کے ذمے پھنسے ہوئے بھاری رقوم کی ادائیگی کے مسائل حل کے لیے یقین دہانی کرادی ہے اور ترجیحی بنیادوں پر گیس انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس(جی آئی ڈی سی)سمیت دیگر معاملات کو حل کرنے کیلئے پیش رفت کی ہدایات دی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سی ای او ، ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی(ٹی ڈی اے پی)کے صدر ایس ایم منیر نے ایک تقریب میں کیا۔نہوں نے کہا کہ ایکسپورٹرز کے لیے یہ اچھی خبر ہے کہ ان کے کسٹمز اور حکومت کے ذمے پھنسے ہوئے 200 ارب روپے کی واپسی کے لیے جلد از جلد اقدامات کئے جائیں گے۔ حکومت کاروباری برادری کے مسائل سے آگاہ ہے، صنعت کاروں، تاجروں اور کاروباری برادری کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک کمیٹی وزیر خزانہ اسحق ڈارکی ہدایات پر کام کررہی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ حکومت دیگر مسائل جیسے پانی کی کمی، بجلی کے بحران، روڈ اور ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر کی خرابی سمیت امن و امان اور دیگر مسائل سے بھی آگاہ ہے اور اس ضمن میں اقدامات کئے جارہے ہیں۔ یہ مسائل ملک میں کاروباری ترقی اور معاشی ترقی کی راہ میں اہم رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف، پاک آرمی اور حکومت کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

ان اقدامات کی وجہ سے ملک میں کاروباری فضا پروان چڑھی ہے اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ پاک آرمی اور جنرل راحیل شریف کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔انسٹی ٹیوٹیشن آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانکس انجینئرز کے تحت منعقد ہونے والی نمائش کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ”یہ ہماری انتہائی خواہش ہے کہ ملک سے بجلی کی کمی کا خاتمہ کر دیا جائے اور اس مقصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے IEEEP میلہ پالیسی سازوں اور تمام متعلقہ حلقوں کی توجہ حاصل کرنے کی جانب ایک مضبوط قدم ہے تاکہ وہ یہ جان سکیں کہ توانائی میں بچت کی کون سی ٹیکنالوجیز اور حل قابل عمل اور اطلاق میں آسان ہیں۔

“ انہوں نے مزید کہا کہ ”یہ پلیٹ فارم ملک میں الیکٹریکل اور الیکٹرانکس اشیاء اور خدمات کے شعبے میں سرمایہ کاری ، افزائش اور دوطرفہ تجارت کے مواقع کے لئے دروازے کھول دے گا۔“ انہوں نے اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں نمائش کاروں کی تعریف کی اور IEEEP کراچی مرکز اور بد ر ایکپو سلوشنز کو مبارک باد پیش کی۔قبل ازیں انجینئر آصف صدیقی چیئرمین IEEEP، کراچی مرکز نے کہا کہ ”چھٹے IEEEP میلے پر حوصلہ افزا رد عمل اور اس کی کامیابی نے آئندہ نمائشوں کے امکانات زیادہ روشن کر دیئے ہیں اور ہم اگلے برس یہ IEEEP میلہ انشااللہ ایک بڑی سطح پر منعقد کریں گے جس میں زیادہ اعلیٰ سطح کے اداروں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا اور اس میں بائیو میڈیکل ، ٹیلی کام وغیرہ جیسے انجینئرنگ کے مزید شعبوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ”ہم اپنی منڈی پر توجہ دیں گے اور اپنے ایونٹ منیجر بد رایکسپو سلوشنز کے پیشہ ورانہ تعاون سے IEEEP میلے کی مجموعی سطح کو مسلسل بہتری کی جانب لے کر جائیں گے۔بعد ازاں، مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹریڈ ڈیلوپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) ، ایس ایم منیر نے چیئرمین IEEEPانجینئر آصف صدیقی ،چیف آپریٹنگ آفیسربدر ایکپو سلوشنز زوہیر نصیر ،اورIEEEP میلے کے کنوینر نوید انصاری کے ہمراہ نمائش کاروں، اسپانسروں اور تنظیمی کمیٹی کے اہم ارکان میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کئے۔