خیرپور میگا پروجیکٹ کے تحت لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرہ ناکارہ ہوگئے 67 کیمرں میں سے صرف 13 کام کر رہے ہیں

مزید کیمرے لگانے کیلئے 15 کروڑ روپے کے ٹینڈر جاری کر کے بااثر سیاسی ٹھیکیدارکو کروڑوں روپے ایڈوانس ادائیگی کر دی گئی

پیر 17 اگست 2015 14:52

خیرپور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) خیرپور میگا پروجیکٹ کے تحت لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرہ ناکارہ ہوگئے 67 کیمرں میں سے صرف 13 کام کر رہے ہیں ۔ مزید کیمرے لگانے کیلئے 15 کروڑ روپے کے ٹینڈر جاری کر کے بااثر سیاسی ٹھیکیدارکو کروڑوں روپے ایڈوانس ادائیگی کر دی گئی ۔ ناکارہ کیمروں کی بحالی کے نام پر ماہانہ لاکھوں روپے ہڑپ کیئے جارہے ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی و ڈپٹی کمشنر خیرپور منور علی مٹھانی نے اس حوالے سے موقف دینے سے انکارکردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیرپور شہر میں امن و امان، چوری، ڈکیتی ، اغوا، لوٹ مار کی وارداتوں اور محرم الحرام ،ربیع الاول و دیگر حساس ایام میں جرائم پیشہ افراد و دہشتگردوں کی نگرانی کیلئے پیپلز پارٹی کی سابقہ دورے حکومت میں خیرپور میگا پروجیکٹ کے تحت 8کروڑروپے کی لاگت سے خیرپور سٹی میں 10 مختلف مقامات پرسی سی ٹی وی کیمرے نصب کرکے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا تھا کیمروں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے مزید کروڑوں روپے جاری کر کے کیمروں کی تعداد 67 کر دی گئی کیمروں کی مرمت کے نام پر میونسپل کمیٹی کی جانب سے سالانہ ٹینڈرجاری کرکے لاکھوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں مگر کیمرے ایک دو دن کام کرنے کے بعد دوبارہ کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں اس وقت صرف 13کیمرے کام کررہے ہیں تاہم ان کیمروں کی منٹینس نہ ہونے کے باعث کیمروں سے موصول ہونے والی ویڈیو کسی کام کے نہیں اس سلسلے میں پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایس ایس پی آفیس خیرپور سے جاری ایک خط کے ذریعے میونسپل انتظامیہ کو آگاہ کیا گیاہے کہ 67کیمروں میں سے صرف 13 کیمرے کام کررہے ہیں اس کے باوجود بھی کیمروں کی مرمت نہیں کرائی گئی جبکہ کاغذی کاروائیوں میں لاکھوں روپے خرچ دیکھا کر ہڑپ کر لیے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایک بار پھر شہر میں مزید کیمروں واک تھرو گیٹ اور دیگر آلات کی مد میں15کروڑ روپے کے ٹینڈر جاری کیئے گئے ہیں وہ بھی ایک بااثر سیاسی ٹھیکیدارکو ٹھیکہ جاری کرکے کروڑوں روپے ایڈوانس ادائیگی کردی گئی ہے۔اس سلسلے میں جب خیرپور میگا پروجیکٹ کے ڈائریکٹر ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی و ڈپٹی کمشنر خیرپور منور علی مٹھانی سے موقف لینے کیلئے رابطہ کیا گیا توانہوں نے نہ تو فون اٹینڈ کیا اور نہ ہی ایس ایم ایس کا جواب دیا ۔

متعلقہ عنوان :