Live Updates

ہری پور ،عامر زمان کی شکست نے عمران خان کو پریشانی سے دوچار کر دیا

ریحام خان کی بھی سیاست میں پہلی انٹری کامیاب ثابت نہ ہو سکی،دھرنے ، جوڈیشل کمیشن کے فیصلے اور جسٹس (ر) وجیہہ الدین کی پی ٹی آئی کے خلاف مہم نے تحریک انصاف کی ساکھ کو کمزورکیا ، ذرائع

پیر 17 اگست 2015 15:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) ہری پور کے حلقہ این اے 19 میں تحریک انصاف کے امیدوار راجہ عامر زمان کی شکست نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو پریشانی سے دوچار کر دیا جبکہ ریحام خان کی بھی سیاست میں پہلی انٹری کامیاب ثابت نہ ہو سکی ۔تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے ذرائع کے مطابق این اے 19 میں مسلم لیگ(ن) کے 25 سالہ نوجوان امیدوار بابر نواز کی46521 ووٹوں سے کامیابی کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پریشانی میں مبتلا ہیں جبکہ عمران خان نے سیاست میں پہلی مرتبہ اپنی اہلیہ ریحام خان کو بھی ہری پور الیکشن جیتنے کے لئے متعارف کرایا لیکنیہ حکمت عملی بھی دھری کی دھری رہ گئی ۔

ذرائع نے بتایا کہ دھرنے کے بعد پے در پے تحریک انصاف کو 6 انتخابی نشستوں کا سامنا کرنا پڑا جس میں 4 قومی اسمبلی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستیں شامل ہیں ان نشستوں میں این اے 137 ننکانہ صاحب ، این اے 246 کراچی ، این اے 108 منڈی بہاؤالدین ، این اے 19 ہری پور ، پی پی 196ملتان اور پی پی 100 گوجرانوالہ شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کا دھرنہ ، جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ اور اب جسٹس (ر) وجیہہ الدین کی پی ٹی آئی کے خلاف مہم نے تحریک انصاف کی ساکھ کو کمزور کر دیا ہے جس سے تحریک انصاف کو مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے واضح رہے کہ پچھلی مرتبہ حلقہ این اے 19 پر مسلم لیگ (ن) سے پی ٹی آئی کی بہت کم مارجن سے شکست سے دوچار ہونا پڑا تھا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات