پاکستانی تاریخ میں پہلی دفعہ چیف جسٹس کی حلف برداری کی تقریب اُردومیں ہوئی

پیر 17 اگست 2015 16:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) ایوانِ صدر میں چیف جسٹس آف پاکستان کی تقریبِ حلف برداری ہوئی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے جسٹس جواد ایس خواجہ سے نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت سے حلف لیا۔

(جاری ہے)

تقریب ِ حلف برداری میں وزیر اعظم محمد نواز شریف ،چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی ، پنجاب، گلگت بلتستان کے گورنرزاور بلوچستان کے وزیراعلیٰ، آزاد کشمیر کے صدر، وفاقی وزراء، مسلح افواج کے سربراہان ، ارکانِ پارلیمنٹ، مختلف ملکوں کے سفیر اور ہائی کمشنر، سپریم کورٹ کے جج صاحبان، سابق چیف جسٹسز آف پاکستان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

حلف کے بعد صدر مملکت ممنون حسین سے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس جواد ایس خواجہ نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے عدلیہ کا اعلیٰ ترین منصب سنبھالنے پر انہیں مبارک باد دی اور توقع ظاہر کی کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے سکیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ چیف جسٹس آف پاکستان کے حلف برداری کی تقریب مکمل طورپر اُردو زبان میں ہوئی۔

متعلقہ عنوان :