کے پی کے حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے گراؤنڈز تعمیر کررہی ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا

پیر 17 اگست 2015 17:21

کے پی کے حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے گراؤنڈز تعمیر کررہی ہے، ڈائریکٹر ..

پشاور ۔ 17 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) صوبہ خیبر پختونخوا میں کھیلوں کی ترقی کیلئے صوبائی حکومت نئے گراؤنڈز کی تعمیر سمیت سکول اور کالجز سطح پر نیا ٹیلنٹ سامنے لامنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے جبکہ ڈھائی کروڑ کی لاگت سے کھیلوں کا سامان خرید کر تمام ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اور ڈپٹی کمشنرز کو سپرد کردیا گیا ہے تاکہ گراس روٹ لیول پر میرٹ کی بنیاد پر کھلاڑیوں میں تقسیم کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا میاں عادل اقبال نے سیکرٹری سپورٹس ، سیاحت ، آثار قدیمہ ، میوزیم اور امورنواجوانان اعظم خان کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہو ں نے کہا کہ کھیلوں کے سامان کی معیاد اور کوالیٹی دیکھنے کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنروں سپورٹس لیجنڈ قمر زمان اور دیگر افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے بین الاقوامی سطح کے معیار کے مطابق کھیلوں کا سامان دیکھا ۔

(جاری ہے)

قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے کرکٹ ، سکواش ، ہاکی ، فٹبال اور دیگر کھیلوں کے کھلاڑی صوبہ کے کھلاڑیوں کو ٹریننگ دینگے ۔ صوبائی حکومت نے تحصیل اورڈسٹرکٹ سطح 75 گراؤنڈز پر بنانے کا فیصلہ کیا ہے ان میں سے 47گراؤنڈز کی انتظامیہ نے منظوری دے دی ہے 28پر ترقیاتی کام جاری ہے اور 19مزید گراؤنڈز پر جلد ہی کام کا آغاز کردیا جائے گا۔

ڈی جی سپورٹس میاں عادل اقبال نے کہا کہ سکول اور کالجوں کے ساتھ بننے والے گراؤنڈزپر ایلیمنڑی اینڈ سیکنڈری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے جائیں گے جس کے تحت سکول کالجز کے ساتھ منسلک گراؤنڈز کلبوں اور ٹیموں کو سکولوں کے اوقات کے بعد رعایتی فیس پر فراہم کئے جائینگے ۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا میاں عادل اقبال نے کہاکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے قومی سطح پر منعقدہ کھیلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

11 مقابلوں میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے 7 کھیلوں میں پہلی پوزیشن اور 3 گیمز میں دوسری پوزیشن حاصل کی مستقبل میں ہاکی ، فٹبال ، ٹینس، سکواش اور کرکٹ میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کیا جائے گاجبکہ ہاکی فٹبال اور کرکٹ کی نئی اکیڈمیاں بھی بنائی جائینگی ۔ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں صوبہ بھر سے 6ہزار کھلاڑیوں نے شرکت کی جن کا پہلے مرحلے میں 48 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا اور ان میں 28 کھلاڑی آخری منتخب ہوئے ۔

جن کو دوسرے مرحلے میں سابقہ قومی کھلاڑیوں کی زیر نگرانی مختلف کیمپوں میں تربیت فراہم کی گئے اور بعد میں ان کھلاڑیوں میں ڈائریکٹریٹ کی جانب سے کھیلوں کا سامان تقسیم کیا گیا۔ ڈی جی سپورٹس نے کہاکہ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا نے مستقبل میں صوبہ کے کھلاڑیوں کیلئے نیا پلان ترتیب دیا ہے جس میں بہترین کارکردگی دیکھانے والے کھلاڑیوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی جس میں کھلاڑی تعلیم کیساتھ ساتھ اپنے کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھے گیں۔

ان کھلاڑیوں میں اکثرکا تعلق غریب گھرانوں سے ہے جو کہ اپنی تعلیمی سرگرمیاں بھی جاری رکھ سکیں گے ۔سیکرٹری سپورٹس ، سیاحت ، آثار قدیمہ و امورنوجوانان اعظم خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی پہلی ترجیح ہے کہ کھیلوں کے گراؤنڈز جلد ازجلد بنائے جائیں تاکہ کھلاڑیوں کو کھیلوں کے میدان میسرہوں ۔ صوبہ کے کھلاڑیوں کو ہر سطح پر سپورٹ کیا جائے گا تاکہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر ملک اور صوبہ کا نام روشن کر سکیں ۔ انہوں نے کہاکہ کھیلوں کا سامان میرٹ کی بنیادوں پر تقسیم کیا جائے گا تاکہ متعلقہ کھلاڑی مستفید ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :