میٹرو بس گارڈز بروقت تنخواہ نہ ملنے پر سراپا احتجاج‘ ہڑتال باعث کئی گھنٹے تک میٹرو ٹریک بلاک رہا‘ عوام کو شدید مشکلات

آٹھ گھنٹے ڈیوٹی کرتے ہیں پھر بھی تنخواہ وقت پر نہیں ملتی، ہمیں مہینہ بھر میں ایک چھٹی بھی نہیں ، اگر بحالت مجبوری چھٹی کریں تو تنخواہ سے کٹوتی اور جرمانہ عائد کیاجاتا ہے ‘حکومت نے نجی سیکیورٹی کمپنی کو ٹھیکہ دیا لیکن کوئی بازپرس نہیں کر رہی ‘ ملازمین کمپنی نے آپ کو وقت پر تنخواہ نہ دی تو میں کمپنی کے مالک کو گرفتار کروں گا‘اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کی میٹرو بس گارڈز کو یقین دہانی

پیر 17 اگست 2015 18:15

میٹرو بس گارڈز بروقت تنخواہ نہ ملنے پر سراپا احتجاج‘ ہڑتال باعث کئی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) میٹرو بس گارڈز کی وقت پر تنخواہ نہ ملنے پر ہڑتال، کئی گھنٹے تک میٹرو ٹریک بلاک رہا، آٹھ گھنٹے ڈیوٹی کرتے ہیں پھر بھی تنخواہ وقت پر نہیں ملتی، ہمیں مہینہ بھر میں ایک چھٹی بھی نہیں ، اگر بحالت مجبوری چھٹی کرتے ہیں تو تنخواہ سے کٹوتی ہو جاتی ہے، حکومت نے نجی سیکیورٹی کمپنی کو ٹھیکہ دیا لیکن کوئی بازپرس نہیں کر رہی، معمولی باتوں پر جرمانے لگائے جاتے ہیں،اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کی اس یقین دہانی پر میٹرو بس گارڈز نے ٹریک خالی کر دیاکہ اگر کمپنی نے آپ کو وقت پر تنخواہ نہ دی تو میں کمپنی کے مالک کو گرفتار کروں گا۔

پیر کو میٹرو بس گاڈز جن میں مرد و خواتین شامل تھے نے تنخواہیں نہ ملنے پر میٹروبس ٹریک کو کئی گھنٹے تک بلاک کئے رکھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج 17تاریخ ہے اور ہمیں ابھی تک تنخواہ نہیں ملی، ہم سخت گرمی میں آٹھ گھنٹے ڈیوٹی کرتے ہیں اور پھر تنخواہ نہ ملے تو ہمارے گھر کے چولہے کیسے جلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہینہ بھر میں ہمیں ایک بھی چھٹی نہیں، اگر کسی بیماری کی وجہ سے چھٹی کر بھی لیں تو تنخواہ سے کٹوتی ہوتی ہے، اس موقع پر خواتین گارڈز نے کہا کہ ہم نے اپنی وردی خود سلوائی ہے، پورے سٹیشن میں کوئی واش روم نہیں ہے اگر ہم کسی دوسری جگہ واش روم کیلئے جاتی ہیں تو تو غیر حاضری لگا دی جاتی ہے اور تنخواہ سے جرمانے کی مد میں رقم کاٹ لی جاتی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمیں مہینہ میں چار چھٹیاں اور ہماری تنخواہ پندرہ ہزار روپے کی جائے۔ اس موقع پر اے سی اسلام آباد کی یقین دہانی پر گارڈز نے ٹریک خالی کر دیا اور اسسٹنٹ کمشنر نے یقین دہانی کروائی کہ اگر آپ کو تنخواہ نہ ملی تو میں کمپنی مالک کو گرفتار کروں گا