پی سی بی گورننگ بورڈ کا اہم اجلاس لاہور میں شروع ہوگیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 اگست 2015 11:37

پی سی بی گورننگ بورڈ کا اہم اجلاس  لاہور میں شروع ہوگیا

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار18اگست۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کا اجلاس لاہور میں شروع ہوگیا ہے ، اجلاس میں سپر لیگ اور سینٹرل کنٹریکٹ سمیت اہم فیصلے کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق چیئرمین شہریار خان کی صدارت میں پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہوگیا ہے ، اجلاس کے آغاز پر گورننگ بورڈ نے وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کی شہادت پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی ، میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں قومی کرکٹرز کو دیئے جانے والے سینٹرل کنٹریکٹ میں ترامیم بارے اراکین کو آگاہ کیا جائے گا اور حتمی منظوری کے بعد کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا جب کہ پاکستان سپر لیگ میں اب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے بھی ممبران کو آگاہ کیا جائے گا ۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی وفد چند روز میں متحدہ عرب امارات جائے گا جہاں حکام سے لیگ کے لئے ایک وینیو دینے کی درخواست کی جائے گی ۔ مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں پی سی بی کے پاس قطر کی آپشن ہے ۔ یو اے ای میں ماسٹر لیگ اور پی ایس ایل کا شیڈول ایک ہی وقت پر ہے اس لئے یو اے ای میں لیگ کے ہونے کے چانسز کافی کم ہیں ۔