پاکستان میں کامیابی کیلئے آئٹم سانگ کی ضرورت نہیں‘ماہرہ خان

منگل 18 اگست 2015 11:41

پاکستان میں کامیابی کیلئے آئٹم سانگ کی ضرورت نہیں‘ماہرہ خان

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء)پاکستانی ڈرامہ ”ہمسفر“ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے آئٹم سانگ کرنے کی ضرورت نہیں۔اپنے ایک انٹرویو کے دوران اپنی بولی وڈ فلم ’رئیس‘، اپنی میک آپ ٹیم اور پاکستانی سنیما کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو پاکستانی اداکارہ ہونے کی حیثیت سے خوش قسمت سمجھتی ہیں کیونکہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں کامیابی حاصل کرنے کے لیے کسی آئٹم سانگ کرنے کی ضرورت نہیں، آپ جتنے کپڑے پہننے آپ کی اتنی ہی عزت کی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان جانے کے بعد ان پر بہت دباوٴ تھا، ہر لمحہ پاکستانی قوم کا خیال ان کے ذہن میں رہتا تھا کہ لوگ ان کی اداکاری کے بارے میں کیا کہیں گے-ماہرہ کے مطابق وہ شوٹنگ کے دوران اسی ڈر کی وجہ سے کافی گھبراہٹ کاشکار رہیں تاہم فلم ’رئیس‘ کی ٹیم نے ان کو کافی حوصلہ دیا اور ہر لمحے ان کی مدد کی۔

(جاری ہے)

شو کے دوران ماہرہ نے اپنی فلم ’رئیس‘ کی کہانی اور ساتھی اداکار شاہ رخ خان کے حوالے سے کوئی خاص بات تو نہیں بتائی تاہم انہوں نے نئے اداکاروں کو مشورہ دیا کہ ’آپ کا پاکستان میں اچھا کام ہوگا تو ہی آپ کو بولی وڈ بلایا جائے گا۔

ماہرہ خان کا ڈرامہ’ ہمسفر‘ پاکستان میں مقبولیت کے بعد ہندوستانی ٹی چینل زندگی پر بھی کافی کامیاب ہوا- ماہرہ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے ان کے بہت زیادہ رونے دھونے کے کردار پر تنقید کی۔ان کا کہنا تھا کہ ’ہمسفر ایک ایسا ڈرامہ تھا جو لوگوں کی سوچوں میں بس گیا، اس ڈرامے کے بعد مجھے اس قسم کے متعدد کرداروں کی پیشکش ہوئی تاہم میں نے انہیں کرنے سے انکار کردیا کیونکہ میں کچھ نیا کرنا چاہتی تھی اسی لیے میں نے ’شہرزاد ‘ ڈرامے میں کام کیا۔

ماہرہ نے ہنستے ہوئے بتایا کہ وہ رو رو کر اتنا تھک گئیں کہ انہیں اپنے اگلے ڈراموں میں رونا نہیں آتا تھا جس کے باعث انہیں گلسرین کا استعمال کرنا پڑا۔ماہرہ نے اپنی میک آپ ٹیم کے حوالے سے بتایا کہ ان کی پوری ٹیم انہیں مزدور خان کے نام سے بلاتی ہے اور ہر وقت بیٹھنے، کھانے، پینے کا ڈھنگ سکھاتی ہے۔