عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کیلئے فلائٹ آپریشن شروع ، آپریشن 16 ستمبر تک جاری رہے گا

منگل 18 اگست 2015 13:04

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کیلئے فلائٹ آپریشن شروع ہوگیا ہے جو 16 ستمبر تک جاری رہے گا۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں سے حج پروازوں کا باقاعدہ سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ وزارت مذہبی امور سرکاری اور پرائیویٹ سکیم کے تحت عازمین حج کو حجاز مقدس کا کام 16 ستمبر تک مکمل کر لے گی۔

رواں سال ایک لاکھ 43 ہزار سے زائد پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔ وزارت مذہبی امور نے حجاز مقدس میں رہائشی عمارتوں کے حصول سمیت تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ حاجیوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کے ازالہ کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی دن رات کام کرے گی اور اس سلسلہ میں شکایات کے اندراج کیلئے ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

کسی بھی قسم کی شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے گا اور مدینہ منورہ میں پاکستانی عازمین حج کو ہر قسم کی طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے میڈیکل مشن نے بھی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سرکاری سکیم کے تحت عازمین کی نصف تعداد کو براہ راست مدینہ منورہ اور نصف تعداد کو مکہ معظمہ پہنچایا جائے گا۔ مدینہ منورہ جانے والے حاجی جدہ سے جبکہ مکہ جانے والے حاجیوں کی واپسی مدینہ منورہ سے ہوگی۔

متعلقہ عنوان :