کراچی،رینجرز ، پولیس، حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی میں القاعدہ کے کمانڈر سمیت 2 دہشتگرد ہلاک ، ایک افسر شہید

منگل 18 اگست 2015 13:15

کراچی،رینجرز ، پولیس، حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی میں القاعدہ کے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک تیرہ ڈی میں رینجرز ، پولیس اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی کے دوران القاعدہ کمانڈرسمیت دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ حساس ادارے کا ایک افسر شہید ہوگیا ، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک خاتون کو گرفتارکرلیا۔

(جاری ہے)

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاک سرزمین پردہشت گردوں کے وجود کو ختم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ، اس حوالے سے رینجرز ، پولیس اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر گلشن اقبال کے بلاک تیرہ ڈی میں ایک عمارت میں چھپے دہشت گردوں کو پکڑنے کے لئے مشترکہ ٹارگٹڈ کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران وہاں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔جوابی فائرنگ سے دو دہشت گرد مارے گئے ، دہشت گردوں کی فائرنگ سے حساس ادارے کا ایک افسر شہید ہوگیا ، مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت عبدلااحد اور محمد صالح کے نام سے ہوگئی۔عمارت کی تلاشی کے دوران وہاں سے اسلحہ اور متنازعہ لٹریچر برآمد ہوا ، اسی عمارت میں ایک اور کارروائی کے دوران ایک خاتون کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک موٹر سائیکل تحویل میں لی گئی جس کا نمبر ایف آئی 2143 تھا۔