قومی کبڈی ٹیم کی کھلاڑی صبا سلطانہ پر قاتلانہ حملہ

منگل 18 اگست 2015 14:10

قومی کبڈی ٹیم کی کھلاڑی صبا سلطانہ پر قاتلانہ حملہ

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء)قومی کبڈی ٹیم کی کھلاڑی صبا سلطانہ کو عمران نامی نوجوان نے گولی مار کر خو د بھی خودکشی کر لی ہے جبکہ صبا کی حالت تشویشناک اور اسے بچانے کی پوری کوشش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مقامی ذرائع کا کہناہے کہ فیصل آباد کے علاقہ اویس کالونی میں گلی نمبر ایک میں مسلح ملزم قومی کبڈی ٹیم کی خاتون کھلاڑی صباء سلطانہ کے گھر کے اندر گھس گیا عمران اور صبا سلطانہ کے درمیان لیپ ٹاپ پر تلخ کلامی ہوئی جس پر نوجوان نے آپے سے باہر ہوتے ہوئے پستول نکالی اور صبا کو گولی مار دی اور بعد میں اپنی کن پٹی پر پستول رکھ کر گولی چلا دی جس کے باعث نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ صبا سلطانہ کو تشویشنا ک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں آپریشن تھیٹر میں ان کاآپریشن جاری ہے ا ور ڈاکٹران کی زندگی بچانے کیلئے پوری کوشش کر رہے ہیں۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغازکر دیاہے اور پولیس کو کہناہے کہ تفتیش کرنے کے بعد ہی کچھ واضح ہو سکے گا کہ دراصل معاملہ ہے کیا۔ واضح رہے صبا سلطانہ نے گزشتہ سال بھارت میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل کبڈی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی ۔