بوڑھی خاتون کو گالیاں دینے کا الزام، بھارتی پولیس نے ’طوطا‘ گرفتار کر لیا

منگل 18 اگست 2015 21:46

بوڑھی خاتون کو گالیاں دینے کا الزام، بھارتی پولیس نے ’طوطا‘ گرفتار ..

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) بھارت میں بوڑھی خاتون کو گالیاں دینے کے الزام میں پولیس نے طوطے کو گرفتار کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ مغربی بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں ایک 75 سالہ خاتون جانابائی ساکھارکر نے پولیس میں طوطے کیخلاف شکایت درج کروائی۔ بزرگ خاتون نے پولیس میں درج کروائی گئی درخواست میں الزام لگایا کہ اْس کی پڑوسن نے اپنے طوطے کو گالیاں سکھا رکھی ہیں اور جب کبھی بھی وہ اْس کے گھر کے پاس سے گزرتی ہے تو طوطا اْسے گالیاں دینے لگتا ہے۔

خاتون کا الزام تھا کہ اْس کا یہ بیٹا بھی اْس کے ہمسائے کے ساتھ ملا ہوا ہے۔ پولیس نے درخواست پر فوری ایکشن لیتے ہوئے خاتون کے بیٹے، اس کے ہمسایے اور طوطے کو تھانے طلب کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم تھانے میں اتنے سارے پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر طوطا گھبرا گیا اور اْس وقت اْس کی زبان پر جیسے تالا پڑ گیا۔ جب طوطے کا پنجرہ خاتون کے قریب لایا گیا تو اْس خاتون نے بار بار اپنا نام اْس کے سامنے دہرایا لیکن مجال ہے کہ طوطا ایک لفظ بھی بولا ہو۔ بعد ازاں یہ طوطا محکمہ جنگلات کے سپرد کر دیا گیا تا کہ اْسے جنگل میں لے جا کر آزاد کر دیا جائے۔خیال رہے کہ رواں سال مئی میں بھارتی پولیس نے پاکستان سے اْڑ کر سرحد پار کرنے والے اسی طرح کے ایک کبوتر کو جاسوسی کے شبے میں حراست میں لے لیا تھا۔

متعلقہ عنوان :