ایشین باکسنگ چیمپئن شپ، حکومت قومی ٹیم کے اخراجات اٹھانے کے لیے تیار

بدھ 19 اگست 2015 13:41

ایشین باکسنگ چیمپئن شپ، حکومت قومی ٹیم کے اخراجات اٹھانے کے لیے تیار

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار19اگست۔2015ء) حکومت پاکستان نے ایشین باسکٹ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی پاکستان ٹیم کے تمام اخراجات برداشت کرنے کی حامی بھر لی ہے جس کے بعد ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے تمام رکاوٹیں دور ہو گئیں ہیں ۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری اقبال حسین کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا نے رابطہ کر کے قومی باکسنگ ٹیم کی ایشین چیمپئن شپ میں شرکت پر اٹھنے والے تمام اخراجات کی ذمہ داری اٹھاتے ہوئے ٹیم کو تھائی لینڈ بھجوانے کا گرین سگنل دیدیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس بی کے مشکور ہیں جنہوں نے باکسرز کی میگا ایونٹ میں شرکت کو یقینی بنایا ہے۔ اقبال حسین کے مطابق باکسرز کا تربیتی کیمپ جاری ہے جس میں باکسرز کوچز کی زیر نگرانی سخت تربیت حاصل کر رہے ہیں ۔ ان باکسرز میں محب باچا، نادر بلوچ، قادر خان، گل زیب، ارشد حسین، محمد تنویر، وسیم ارشد، اویس علی خان اور محمودالحسن شامل ہیں ۔ ان میں سے ایک باکسرز کو ڈراپ کیا جائے گا جبکہ کوچز میں علی بخش اور ایم لیاقت اور بطور منیجر وہ خود ٹیم کے ساتھ جائیں گے ۔ یاد رہے کہ پاکستان کا 11 رکنی دستہ 24 اگست کو تھائی لینڈ کے لئے روانہ ہوگا جس میں 8 باکسرز ، 2 کوچ اور 1 منیجر شامل ہیں ۔