عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنا دیرینہ خواب ہے،اینڈی مرے

بدھ 19 اگست 2015 14:00

عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنا دیرینہ خواب ہے،اینڈی مرے

مونٹریال ۔ 19 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) سٹار برطانوی پلیئر اینڈی مرے نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنا دیرینہ خواب ہے اور ہدف کے حصول کیلئے مستقبل میں ہونے والے ایونٹس میں صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

(جاری ہے)

مرے نے راجرز کپ فائنل میں عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ کو زیر کر کے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اس کے ساتھ ہی وہ ترقی پا کر رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں برطانوی پلیئر نے کہا کہ راجرز کپ فائنل میں جوکووچ کے خلاف کامیابی میرے لئے بہت اہمیت کی حامل ہے اور اس کا مجھے مستقبل میں فائدہ ہو گا، میں نے اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے سخت محنت کی اور مستقبل میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید ٹورنامنٹس جیت کر ٹینس رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔