اسلام آباد ہائی کورٹ ،متحدہ کے استعفو ں سے متعلق درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے بارے فیصلہ محفوظ

بدھ 19 اگست 2015 14:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سینٹ ،قومی اسمبلی و سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کی اراکین کی رکنیت سے استعفے دینے پر قانونی کارروائی کے حوالے سے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے بارے میں فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ گزشتہ روز چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ محمد انور کانسی پر مشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔

درخواست گزار محمد داؤد غزنوی کے وکیل کوکب اقبال عدالت میں پیش ہو کر درخواست پر رجسٹرار کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ درخواست پر اعتراضات درست نہیں ہیں کیونکہ اس درخواست سے ہمارا ذات کا نہیں بلکہ پوری پاکستانی عوام کا تعلق ہے ۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ایم کیو ایم کے اراکین اپنی نشستوں سے مستعفی ہو چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

لہذا عدالت چیئرمین سینٹ ، سپیکر قومی اسمبلی ، سپیکر سندھ اسمبلی کو مستعفی ارکان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کے احکامات جاری کرے ۔عدالت قانون کے تحت اس مقدمے کو جلد سے جلد نمٹائے ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی سے استعفے دیئے تھے لیکن سپیکر قومی اسمبلی نے استعفے کے معاملے کو لٹکائے رکھا اور 9 ماہ کے بعد استعفوں کو منظور نہیں کیا ۔جس سے دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ۔ بعدازاں عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے بارے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :