وزیر اعظم محمد نواز شریف کی مولانا فضل الرحمن کی سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے کوششوں کی تعریف

بدھ 19 اگست 2015 14:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے مولانا فضل الرحمن کی سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایم کیو ایم کے تحفظات دور کئے جائیں گے ‘ تمام مسائل قانون اور آئین کے مطابق پارلیمنٹ میں حل کئے جائینگے ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات کی جس میں انہوں نے ایم کیو ایم کے استعفوں سے متعلق ہونے والی پیش رفت اور متحدہ قیادت کے تحفظات سے آگاہ ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو سیاسی بحران کے خاتمے کے لئے ان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایم کیو ایم کے تحفظات دور کئے جائیں گے ‘ تمام مسائل قانون اور آئین کے مطابق پارلیمنٹ میں حل کرینگے وزیر اعظم نے کہاکہ کراچی آپریشن جرائم پیشہ افراد اور دہشتگردوں کے خلاف کیا جا رہا ہے جو بلاتعطل جاری رہے گا وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانافضل الرحمان بتایا کہ ایم کیوایم سے ملاقات کی تفصیلات سے وزیراعظم نواز شریف کو آگاہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچھ نکات مرتب کیے ہیں جن پرایم کیو ایم سے بات ہوگی ‘کوئی مشکل بات نہیں ہے جس پر بات نہ ہوسکے۔

مولانافضل الرحمان نے کہا کہ آپریشن پرایم کیو ایم کوبھی اعتراض نہیں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ جمہوری عمل جاری رکھنے کیلئے حکومت چاہتی ہے کہ ایم کیو ایم استعفے واپس لے۔مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ بات چیت آگے بڑھانے کیلئے اگلا مرحلہ اسلام آباد میں طے ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں مولانا فضل الرحما ن نے وزیراعظم کو بتایا کہ ایم کیو ایم کو کراچی میں اپنے کارکنوں کی گرفتاریوں پر تشویش ہے اور وہ اس کی شفاف تحقیقات پر زور دے رہے ہیں مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم کو مکمل رپورٹ دے دی ہے او رمذاکرات کا آئندہ دور اسلام آباد میں ہوگا تاہم اس میں رشید گوڈیل کی تشویش ناک حالت کے باعث ایک آدھ دن کی تاخیر ہو سکتی ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ایم کیو ایم والے اسلام آباد آئیں گے اور وزیراعظم یا ان کی ٹیم ان سے بات چیت کرے گی اور امید ہے کہ مسائل کو حل کر لیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایم کیوا یم والے بھی مفاہمت پر آمادہ ہیں انہوں نے کراچی آپریشن پر تحفظات کے باعث استعفے دیئے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے باقی تفصیلات مذاکرات میں سامنے آئیں گی۔فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کا رویہ بھی لچکدار ہے،وزیراعظم ملک کو سیاسی بحران سے بچانا چاہتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ معاملات سلجھ جائیں گے