آئی پی ایل میں کئی میچز کا فیصلہ پہلے سے ہی طے شدہ ہوتا تھا : پریتی زینٹا

بدھ 19 اگست 2015 14:33

آئی پی ایل میں کئی میچز کا فیصلہ پہلے سے ہی طے شدہ ہوتا تھا : پریتی زینٹا

ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار19اگست۔2015ء) انڈین پریمیئر لیگ میں سٹے بازی اور میچ فکسنگ سے متلعق انکشافات کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور اس بار کنگ الیون پنجاب کی مالکہ اور اداکارہ پریتی زینٹا نے بھی اپنی ٹیم میں کرپشن کا بھانڈا پھوڑا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کنگ الیون پنجاب کی مالکن پریتی زینٹا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انکشاف کیا ہے کہ آئی پی ایل میں کئی میچز کا فیصلہ پہلے سے ہی طے شدہ ہوتا تھا، بہت سے لوگوں نے انہیں میچ سے پہلے ہی نتیجے کا بتایا جو درست ثابت ہوا ۔

بالی ووڈ اداکارہ کے مطابق انکی ٹیم کے کچھ کھلاڑی مشکوک سرگرمیوں میں ملوث رہے اور میچ کے دوران 100 فیصد کارکردگی نہ دکھانے پر بہت سے کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر بھی کیا جب کہ کنگ الیون پنجاب کے کچھ کھلاڑیوں نے جان بوجھ کر میچز ہارے ۔

(جاری ہے)

کنگ الیون پنجاب کی مالکہ پریتی زینٹا کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کی میٹنگ میں صرف جھوٹ پکڑنے والے ٹیسٹ کے بارے میں کہا لیکن بھارتی میڈیا نے خبر حقائق سے ہٹ کر شائع کردی ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بی سی سی آئی کا اینٹی کرپشن یونٹ فکسنگ نہیں روک سکا ہے اور ان کے اقدامات اور دعوے صرف دعوے ہی رہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل آئی پی ایل کے سابق سربراہ للت مودی سمیت متعدد کھلاڑیوں پر بھی کرپشن اور میچ فکسنگ کے الزامات ثابت ہو چکے ہیں جب کہ بھارتی سپریم کورٹ مہندرا سنگھ دھونی کی ٹیم چنائی سپر کنگز اور بھارتی بزنس مین راج کنندرا اور بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کے ٹیم راجستھان رائلز پر 2 سال کی پابندی بھی عائد کر چکی ہے ۔