سرمایہ کاری سے متعلق آگہی پیدا کرنے کیلئے ایس ای سی پی نے جامع پروگرام شروع کردیا

بدھ 19 اگست 2015 20:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) عوام کو سرمایہ کاری کے قانونی طریقوں اور قوائد و ضوابط سے آگاہ کرنے اور سرمایہ کاری سے متعلق درست فیصلے کرنے میں مددکیلئے سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے سرمایہ کاروں کے لئے ایک جامع پروگرام شروع کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد مختلف مالیاتی شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد، طلبہ ، سٹاک مارکیٹ سے منسلک افراد، پروفشنلز اور غیر بینکاری مالیاتی سیکٹر سے منسلک افراد میں قوائد و ضوابط سے متعلق آگہی پیدا کرنا ہے ۔

اسی سلسلے میں کمیشن نے ایک انوسٹر ایجوکیشن ویب پورٹل ’ جمع پونجی ‘ کے نام سے قائم کیا ہے ۔ اس ویب سائٹ پر سرمایہ کاری سے متعلق اہم معلومات دستیاب ہیں۔ سرمایہ کاری سے متعلق معلوماتی پیغامات کو عام کرنے اور ممکنہ سرمایہ کاروں کے پہنچانے کے لئے کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام لسٹڈکمپنیوں کو پابند بنایا جائے گا کہ وہ اپنی سالانہ رپورٹ میں ایس ای سی پی کے انوسٹر ایجوکیشن کے پروگرام ’جمع پونجی ‘ کے حوالے سے پیغامات شامل کریں۔

(جاری ہے)

اسی طرح تمام کمپنیاں جو کہ سٹاک مارکیٹ میں لسٹ ہونا چاہتی ہیں، کے لئے لازمی قرار دیا جائے گا کہ وہ سرمایہ کاروں کے لئے شائع کئے جانے والے اپنے پراس پیکٹس میں’ جمع پونچی ‘ کے پیغامات شامل کریں۔ اس سے پہلے تمام پیبلک کمپنیوں اور لائسنس یافتہ کمپنیوں کو بھی ہدایت دی جا چکی ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹ کے ہوم پیج پر ’جمع پونجی‘ کا لنک فراہم کریں تا کہ سرمایہ کار اس ویب پورٹل پر جا کرمفید معلومات حاصل کر سکیں۔ امید کی جاتی ہے کہ ایس ای سی پی کا انوسٹر ایجوکیشن ویب پورٹل ’جمع پونجی‘ عوام میں قانونی سرمایہ کاری کے حوالے سے آگہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :