عالمی چیمپئن محمد عامر خان رواں سال دسمبر تک اسلام آباد میں باکسنگ اکیڈمی قائم کرنے کیلئے پرعزم

بدھ 19 اگست 2015 21:41

اسلام آباد ۔ 19 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) عالمی چیمپئن(لائٹ ویٹر ویٹ) عامر خان نے کہا ہے کہ وہ رواں سال دسمبر تک اسلام آباد میں باکسنگ اکیڈمی قائم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، جوپاکستان سپورٹس کمپلیکس میں قائم کی جائے گی جس سے کئی چیمپئن پیدا کئے جا سکتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس بورڈ میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اخترنواز گنجیرا سے ملاقات کے بعد کیا۔

اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سہولیات آغا امجد اللہ بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی خدمت کرنا چاہتے ہیں ،پاکستان میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن اس ٹیلنٹ کو نکھارنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ وہ رواں سال دسمبر تک اسلام آباد میں باکسنگ اکیڈمی قائم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور عامر خان باکسنگ اکیڈمی پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں قائم کی جائے گی، پاکستان اس اکیڈمی سے بہت کچھ حاصل کر سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھار کے اس اکیڈمی سے کئی چیمپئن پیدا کئے جا سکتے ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی باکسر کو مواقعے فراہم کئے جائیں اور ہم ان کی مدد نہیں کریں گے تو کون کرے گا، انہوں نے کہا کہ ہمارے اگر پاس باکسنگ کی سہولیات نہیں ہونگی تو باکسنگ کا کھیل کیسے ترقی کرے گا، انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی پاکستان آکر اس اکیڈمی میں باکسر کو تربیت دیں گے تاکہ باکسر کو پتہ چلے کہ تربیت کیا ہوتی ہے اور ہمیں ان کاموں پر تیزی سے کام کرنا چاہئے، عامر خان نے کہا کہ میری برطانیہ میں عامرخان باکسنگ اکیڈمی میں جو سہولیات موجود ہیں وہ پاکستانیوں کے لئے حاضر ہیں،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے جس میں باکسنگ کے فروغ کے لئے جمنازیم بنانے کی تجویز ہے اور اگلی ملاقات سے قبل پیپر ورک مکمل کر لیا جائے گا، ایک اور سوال کے جواب میں عامر خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے ساتھ ملاقات بہت کامیاب ہوئی ہے ، اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اخترنواز گنجیرا نے کہا کہ جمنازیم بنانے کا پیپر ورک دو تین روز میں مکمل کر لیا جائے گا اور عامر خان پاکستانی باکسر کے لئے بہترین سامان اور کوچز فراہم کریں گے اور اس سلسلہ میں معاہد ہ کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ایک سال میں ایشین سطح پر چیمپئن بن سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :