ٹیم مینجمنٹ کی نااہلی کے باعث نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کیخلاف جنوبی افریقی باؤلرز کا خفیہ منصوبہ بے نقاب ہوگیا

جمعرات 20 اگست 2015 12:32

ٹیم مینجمنٹ کی نااہلی کے باعث نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کیخلاف جنوبی ..

کیپ ٹاؤن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار20اگست۔2015ء) نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ سے قبل جنوبی افریقی ٹیم مینجمنٹ کی غلطی سے پروٹیز باؤلرز کا کیوی بلے بازوں کے خلاف منصوبہ میچ سے قبل ہی پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میچ سے قبل ٹیم مینجمنٹ نے مکمل سٹریٹیجک منصوبہ تیار کیا کہ کس طرح کیوی باؤلرز کو قابو کرنا ہے جس کے بعد اسکی مکمل تفصیلات تحریر کر کے تمام باؤلرز کیلئے کاپی تیار کرے اسے لفافے میں رکھ کر دروازے کے نیچے سے کھلاڑی کے کمرے میں پھینکا گیا ۔

مذکورہ لفافہ کھلاڑیوں تک پہنچانے کے ذمہ دار ٹیم مینجمنٹ کے فرد نے ان میں سے تجربہ کار فاسٹ باولر ڈیل سٹین کے نام کا لفافہ غلطی سے کسی خاتون کے کمرے میں پھینک دیا ۔ مذکورہ خاتون نے یہ لفافہ کھول کر اس صفحے کی تصویر اتاری اور اسے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کردیا اور یوں اسے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں سمیت دنیا بھر نے دیکھ لیا ۔

(جاری ہے)

اس صفحے پر تحریر تھا کہ کس طرح پروٹیز باؤلرز کیوی بلے بازوں کو آؤٹ کر سکتے ہیں ۔

مذکورہ صفحے پر لکھا تھا کہ مڈل آرڈر بلے باز کولن منرو پسلی پر کرائی گئی باؤنسر کھیلنے میں کمزور ہیں ، کپتان کین ولیمسن جارحانہ انداز میں اپناتے ہیں لیکن وہ پُل شاٹ اچھی طرح نہیں کھیل پاتے ۔ اوپنر مارٹن گپٹل کی وکٹ ان سوئنگ بال پر حاصل کی جا سکتی ہے ۔ یہ پہلا موقع نہیں کسی ٹیم کی خفیہ دستاویزا اس طرح بے نقاب ہو گئی ہوں یا کسی اور کے کمرے میں پہنچ گئی ہوں ۔ اس سے پہلے 2012ء میں اسی طرح کا واقعہ آسٹریلیا کے ساتھ ہوا تھا جنہوں نے جنوبی افریقی بلے بازوں گریم سمتھ ، جیک کیلس دیگر بلے بازوں کو قابو کرنے کا منصوبہ تیار کیا تھا جو ٹیسٹ میچ سے قبل ہی بے نقاب ہو گیا تھا ۔

ٹیم مینجمنٹ کی نااہلی کے باعث نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کیخلاف جنوبی ..