گذشتہ مالی سال کے دوران بڑے صنعتی اداروں کی شرح نمو میں3.3 فیصد اضافہ ہوا ‘ پی بی ایس

جمعرات 20 اگست 2015 12:40

اسلام آباد ۔ 20 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء) گذشتہ مالی سال2014-15ء کے دوران بڑے صنعتی اداروں(ایل ایس ایم) کی شرح نمو میں3.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان( پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق ایل ایس ایم کے شعبہ میں نمایاں کردار کے حامل ٹیکسٹائل کے شعبہ کی شرح نمو میں0.53 فیصد جبکہ فرٹیلائزر کے شعبہ نے گذشتہ مالی سال کے دوران1.1 فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے جبکہ لکڑی کی پیداوارکے شعبہ نے74فیصدکی شرح نمو حاصل کی ہے۔

اسی طرح انجینئرنگ کے شعبہ کی کارکردگی میں18.28 فیصد، پیپراینڈ بورڈ9.86 فیصد، فوڈ اینڈ بیوریج اور تمباکو کی پیداوار کے شعبہ میں1.09 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گذشتہ مالی سال سال کے دوران مقامی طلب میں کمی کے رجحان کے پیش نظرنجی شعبہ نے بینکوں سے قرضوں کے حصول میں سرد مہری کا مظاہرہ کیا اورنئی سرمایہ کاری کرنے کے معاملے میں نجی شعبہ ہچکچاہٹ کا شکار رہا ہے۔

(جاری ہے)

پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق مالی سال2013-14ء کے دوران ایل ایس ایم کے شعبہ کی کارکردگی میں3.98 فیصد اور مالی سال2012-13ء کے دوران شعبہ کی شرح ترقی میں4.28 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی جس کی روشنی میں اگر دیکھا جائے تو گذشتہ مالی سال کے دوران بڑے صنعتی اداروں کی شرح اداروں کی شرح ترقی میں3.3 فیصد کا اضافہ حوصلہ افزا ہے۔ اقتصادی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ بڑے صنعتی اداروں کی کارکردگی میں خاطرخواہ اضافہ کیلئے ضروری ہے کہ امن وامان کی صورت میں بہتری کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے جبکہ نجی شعبہ کو آسان قرضوں تک رسائی کے ذریعہ نئی سرمایہ کاری کے فروغ سے بھی شعبہ کی کارکردگی پر خوش نما اثرات مرتب ہونگے۔

اسی طرح غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالہ سے کی جانے والی حکومتی کوششیں بھی ایل ایس ایم کے شعبہ کی ترقی میں معاون ثابت ہونگی۔ ایل ایس ایم کے شعبہ کی ترقی سے نہ صرف ملکی معیشتکے استحکام میں مدد ملے گی بلکہ شعبہ کی ترقی بے روزگاری کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔