پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول مستعفی ، بریگیڈیئر (ر) سجاد کھوکھر کا نام عہدے کے لیے تجویز کر دی

جمعرات 20 اگست 2015 13:29

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول مستعفی ، بریگیڈیئر (ر) سجاد کھوکھر ..

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار20اگست۔2015ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول مستعفی ہو گئے ۔ میڈیا سے گفتگو میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول کا کہنا تھا کہ انہوں نے قومی مفاد اور کھیل کی بہتری کے لیے استعفی دیا ہے اور اس کے لیے ان پر کوئی دباو نہیں تھا ، اختر رسول کے مطابق انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو بھی بھجوا دیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ادارے کے نئے صدر کے لئے بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کا نام بھی تجویز کیا ہے جو وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ احسن اقبال کے سمدھی ہیں ۔

اختر رسول کا حکمراں جماعت سے سیاسی تعلق سمجھا جاتا ہے اور وہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ایم پی اے کی سیٹ کے امیدوار بھی رہ چکے ہیں ، اسی وجہ سے اختر رسول پر قومی ہاکی ٹیم کی خراب کارکردگی پر مستعفی ہونے کے لئے دباﺅ تھا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق قومی ہاکی کو پھر سے پاﺅں پر کھڑا کرنے کےلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں مزید بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے ۔ یاد رہے کہ پاکستان ریکارڈ 4 مرتبہ ہاکی ورلڈ کپ اپنے نام کر چکا ہے تاہم گذشتہ کچھ عرصے سے پاکستان ہاکی ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے ، قومی کھیل کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان ورلڈ کپ کھیلنے سے محروم رہا تھا اور اب ریو اولمپکس 2016ء سے بھی باہر ہو چکا ہے ۔