2سابق کر کٹرز کو مشیر رکھنے کی اجازت کے بعد وسیم اکرم، اقبال قاسم اور رمیز راجہ کے نام بطور مشیر سامنے آگئے

وسیم اکرم، اقبال قاسم اور رمیز راجہ کے نام زیرغور ہیں، چیئرمین چاہیں تو تینوں مشیر مقررکر سکتے ہیں،بورڈ ایسے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرنا چاہتا ہے جو جدید کرکٹ کی باریکیوں سے واقف ہو، ضرورت پڑنے پر مذکورہ پلیئرز کوبورڈ میٹنگ میں بھی بلایا جا سکے گا کرکٹ کمیٹی کے سربراہ شکیل شیخکی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 20 اگست 2015 13:56

2سابق کر کٹرز کو مشیر رکھنے کی اجازت کے بعد وسیم اکرم، اقبال قاسم اور ..

کراچی /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء) پاکستان کر کٹ بورڈ (پی سی بی ) کے گورننگ باڈی کے اجلاس میں چےئر مین کیلئے 2سابق کر کٹرز کو مشیر رکھنے کی اجازت کے بعد سابق کپتان وسیم اکرم، اقبال قاسم اور رمیز راجہ کے نام بطور مشیر منتخب ہونے کیلئے سامنے آگئے۔تفصیلات کے مطابق گورننگ بورڈ کے اجلاس میں کبھی قومی ٹیم کی نمائندگی نہ کرنے والے لوگ ملکی کرکٹ کے اہم فیصلے کرتے دکھائی دیے، اس حوالے سے تنقید سامنے آنے پر بورڈ نے چیئرمین شہریارخان کو سابق کرکٹرز کی خدمات بطور مشیر حاصل کرنے کا کہا،گذشتہ روز کرکٹ کمیٹی کے سربراہ شکیل شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ وسیم اکرم، اقبال قاسم اور رمیز راجہ کے نام زیرغور ہیں، چیئرمین چاہیں تو تینوں یا ان میں سے کسی 2کو مشیر مقررکر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بورڈ کراچی اور لاہور سے ایک،ایک ایسے کھلاڑی کی خدمات حاصل کرنا چاہتا ہے جو جدید کرکٹ کی باریکیوں سے واقف ہو، انھوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر مذکورہ پلیئرز کو گورننگ بورڈ میٹنگ میں بھی بلایا جا سکے گا، رمیز اور وسیم اکرم کمنٹری وغیرہ کی وجہ سے زیادہ تر وقت ملک سے باہر رہتے ہیں۔شہریارخان ان کی دستیابی پر ملاقات کر کے یا پھر فون پر تبادلہ خیال کر سکتے ہیں، اہم معاملات پر سابق اسٹارز کی تجاویز پر پھر گورننگ بورڈ میٹنگ میں غور ہوگا۔

شکیل شیخ نے کہا کہ سابق کرکٹرز کی فہرست کافی طویل مگر مذکورہ تینوں کا کافی نام ہے، وہ اپنے مشوروں سے ملکی کرکٹ کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ شہریار خان واضح کر چکے ہیں کہ ان کے مشیر گورننگ بورڈ کے ممبر ہوں گے نہ انھیں ووٹ دینے کا اختیار حاصل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :