کراچی کرکٹ ایسوسی ایشن کا نئے ڈومیسٹک کرکٹ سسٹم کیخلاف احتجاج

نیا سسٹم قبول کرنا کراچی کے کرکٹرز کے ساتھ نا انصافی ہوگی،بورڈ نے ہمار ے مطالبات نہ ما نے تو کے سی سی اے کی ٹیموں کی تشکیل سے دستبردار ہوجائیں گے،کے سی سی اے کے صدر اعجاز فاروقی

جمعرات 20 اگست 2015 20:12

کراچی کرکٹ ایسوسی ایشن کا نئے ڈومیسٹک کرکٹ سسٹم کیخلاف احتجاج

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء) کراچی کرکٹ ایسوسی ایشن نے ڈومسیٹک کرکٹ کا نیا نظام کسی بھی صورت میں قبول نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ کے سی سی اے کے صدر اعجاز فاروقی کا کہنا ہے کہ نیا سسٹم قبول کرنا کراچی کے کرکٹرز کے ساتھ نا انصافی ہوگی۔کراچی کرکٹ ایسوسی ایشن گورننگ کونسل کا خصوصی اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔ کے سی سی اے کے صدر اعجاز فاروقی نے پی سی بی گورننگ بورڈ اجلاس کی تفصیلات سے ارکان کو آگاہ کیا۔

کونسل کے ارکان نے بورڈ اجلاس میں صدر کے اقدام کو سراہا اور اس کی مکمل تائید کی۔ اعجاز فاروقی نے کہاکہ پی سی بی آفیشلز کے کہنے پر وہ اجلاس میں واپس آگئے تھے،لیکن نئے سسٹم کے تحت فرسٹ کلاس کرکٹ میں کراچی کی ایک ٹیم کی شمولیت کافیصلہ منظور نہیں کیا۔

(جاری ہے)

اس بارے میں ڈیڈ لاک برقرار ہے۔پی سی بی نے قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ میں کراچی کی دوٹیموں کو شامل کرنے کی آفر کی،لیکن وہ ملک کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی میں کراچی کی ایک ٹیم کی شمولیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔

انکا کہنا تھا یہ میٹروپولیٹن سٹی کے کرکٹرز کیساتھ زیادتی ہوگی۔ نئے سسٹم کے تحت کراچی کی ایک ٹیم کی شمولیت کسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔ اعجاز فاروقی نے کہاکہ پی سی بی نے انہیں اعتراضات تحریری طور پرجمع کرانے کوکہا ہے۔ جو جلد از جلد جمع کرادیئے جائیں گے۔ بورڈ نے ہماری بات نہ مانی تو کے سی سی اے کی ٹیموں کی تشکیل سے دستبردار ہوجائیں گے۔

متعلقہ عنوان :