پولینڈ میں 2مقامی افراد کا نازیوں کی سونے سے لدی ٹرین دریافت کرنے کا دعویٰ

جمعرات 20 اگست 2015 21:57

پولینڈ میں 2مقامی افراد کا نازیوں کی سونے سے لدی ٹرین دریافت کرنے کا ..

وارسا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء )پولینڈ میں 2مقامی افراد نے دوسری جنگِ عظیم میں لاپتہ ہو جانے والی نازیوں کی سونے سے لدی ٹرین دریافت کرنے کا دعویٰ کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابقپولینڈ میں دو مقامی افراد کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے دوسری جنگِ عظیم میں لاپتہ ہو جانے والی نازیوں کی وہ ٹرین دریافت کی ہے جس کے متعلق افواہ ہے کہ اس پر سونا، جواہرات اور بندوقیں لدی ہوئی ہیں۔

خیال ہے کہ ٹرین حالیہ پولینڈ کے شہر وارکلو کے قریب لاپتہ ہوگئی تھی جس پر سوویت فوج نے 1945 میں قبضہ کر لیا تھا۔جنوب مشرقی پولینڈ کی ایک قانونی فرم کا کہنا ہے کہ اسلحے اور سونے سے لدی ٹرین کی کھوج لگانے والے دو افراد نے ان سے رابطہ کیا ہے۔پولینڈ کے میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ سْراغ رساں ٹرین میں موجود سامان کا دس فیصد بطور کمیشن مانگ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مقامی ویب سائٹوں کا کہنا ہے کہ دوسری جنگِ عظیم کے اختتا م پر کسائز محل کے قریب سونے اور جواہرات سے لدی ہوئی ایک ٹرین کے لاپتہ ہونے سے متعلق عوامی حکایتوں سے بھی ملتی جْلتی اطلاعات ملتی ہیں۔کسائز محل سے تین کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ویل برزگ کے ایک قانونی دفتر میں اس ٹرین کے متعلق دعویٰ دائر کیا گیا تھا۔ویل برزگ کے ضلعی کونسل کی ایک اہلکار ماریکا ٹوکارسکا نے بتایا کہ ’وکلا، پولیس اہلکار اور فائر بریگیڈ اس سے نمٹ رہے ہیں۔

علاقے کی اس سے پہلے کبھی کھدائی نہیں کی گئی اور ہم نہیں جانتے کہ ہمیں کیا مل سکتا ہے۔‘ویل برزک کی دو ویب سائٹوں کا کہنا ہے کہ ملنے والی ٹرین کے ایک جانب توپیں اور مینار نصب ہیں۔ ایک ویب سائٹ ویل برزگ 24 ڈاٹ کام نے بتایا کہ ایک شخص کا تعلق پولینڈ سے جبکہ دوسرے کا جرمنی سے ہے۔ایک اور ویب سائٹ ویاڈوموسکی ویل برزیسکی کا کہنا ہے کہ ٹرین 150 میٹر لمبی تھی اور اس میں 300 ٹن سے زیادہ سونا لدا ہوا ہو سکتا ہے۔

ویل برزک کے علاقے کے متعلق کام کرنے والی ایک مورخ جوائننا لیمپارسکا نے وارکلو کے ایک ریڈیو سٹیشن کو بتایا کہ ٹرین کے متعلق افواہ ہے کہ وہ ایک سْرنگ میں غائب ہوگئی تھی جس میں سونا اور ’خطرناک مواد‘ تھا۔وارکلو کے ریڈیو کا کہنا ہے کہ اسی علاقے میں ماضی میں ٹرین کے لیے کی جانے والی تلاش بیسود ثابت ہوئی تھی۔